میڈیا کا کردار ملک میں سچائی کو عوام تک پہنچانے میں انتہائی اہم ہے،سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی

جمعرات 6 مارچ 2025 22:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2025ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی نے کہا کہ میڈیا کا کردار ملک میں سچائی کو عوام تک پہنچانے میں انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے عوام کو سچ اور حقائق تک رسائی حاصل ہوتی ہے اور یہی وہ راستہ ہے جس سے حکومتی اقدامات کی نگرانی کی جا سکتی ہے۔

"آزاد میڈیا کے بغیر کسی بھی حکومت کی پالیسیوں پر صحیح طریقے سے نظرثانی نہیں کی جا سکتی۔ ہمارا موقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ میڈیا کو اپنے کام کرنے کی آزادی دی جائے تاکہ وہ عوام کے مسائل اجاگر کر سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی ویژن کرنٹ افیئرز کے سینئر پروڈیوسرز ملک محب اللہ ترین، عبدالرازق، ڈپٹی کنٹرولرز انجینئرنگ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سید نبو جان آغا اور سردار حبیب اللہ خان ناصر سے ملاقات کے دوران کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی نے میڈیا کی آزادی اور اس کے جمہوری کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ سے میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری پارٹی نے اس بات کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ آزاد میڈیا ہی ایک جمہوری معاشرے کا حقیقی آئینہ ہے۔ملاقات میں پاکستان ٹیلی ویڑن کے وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے ادارے نے ہمیشہ عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے اور اس بات کا عہد کیا کہ وہ اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو مزید احسن طریقے سے نبھائیں گے سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی نے مزید کہا کہ " ہم توقع رکھتے ہیں کہ یہ ادارہ پی ٹی وی مزید موثر اور مستند انداز میں اپنے فرائض ادا کرے گا۔