کرک ،انڈس ہائی وے پر تعمیراتی کمپنی کے درجنوںکارکنوںکا گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں ،واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

پولیس کی مظاہرین کو تین دن کے اندر مسائل کا حل ڈھونڈ نکالنے کی یقین دہانی ، کامیاب مذاکرات کے بعد شاہراہ کھول دی گئی

جمعہ 7 مارچ 2025 19:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2025ء)کرک کی حدودمیں انڈس ہائی وے پر معروف تعمیراتی کمپنی کے درجنوںکارکنوںنے گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں اور واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے قومی شاہراہ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا جس کی وجہ سے مصروف ترین قومی شاہراہ پر مال بردار اوردیگرچھوٹی بڑی مسافر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

موصولہ اطلاعا ت کے مطابق جمعہ کے روز معروف تعمیراتی کمپنی کے درجنوں ورکروں نے کرک کی حدودمیںانڈس ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کئے رکھا جس کی وجہ سے دونوں اطراف چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ احتجاجی کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ انڈس ہائی وے کی بحالی و تعمیر پر کام کرنے والی ملک کی معروف تعمیراتی کمپنی گزشتہ سات آٹھ ماہ سے ورکروں کوان کی ماہانہ تنخواہیں نہیں دے رہی جس کی وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اس لئے مضان کے پیش انہیںان کے واجبات فی الفور اداکئے جائیں۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس سٹیشن تحت نصرتی کے ایس ایچ او ظفرعلی پولیس نفری کے ہمراہ پہنچ گئے جہاں احتجاجی مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کرکے قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے کھول دی۔ پولیس نے مظاہرین کو تین دن کے اندر ان کے مسائل کا حل ڈھونڈ نکالنے کی یقین دہانی کرادی۔