جماعت اسلامی عوامی خدمت کے ساتھ ظالم حکمرانوں سے حقوق بھی حاصل کرے گی ،ْمنعم ظفر خان

9 ٹاؤنز میںڈیڑھ سال میں پارکوں کو بحال کیا، پانی وسیوریج کے مسائل حل کیے اوراب گلیوں میں پیور بلاک کے کام کروائے جارہے ہیں،فیڈرل بی ایریا میں الخدمت کی جانب سے 1200مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کی تقریب سے کامران سراج ودیگر کاخطاب

اتوار 9 مارچ 2025 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2025ء)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی 17سا ل سے سندھ میںحکومت کررہی ہے لیکن اس نے کراچی کے عوام کیلئے عملاً کچھ نہیں کیا ،اہل کراچی کوباعزت ٹرانسپورٹ ، معیاری تعلیم ،پینے کا صاف پانی ، علاج معالجے کی سہولت سمیت بنیادی ضروریات تک میسر نہیں ، پیپلزپارٹی اپنے وڈیرہ شاہی اور جاگیردارانہ مائنڈ سیٹ کواندرون سندھ کی طرح کراچی پر بھی مسلط کرناچاہتی ہے ،جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز نے ڈیڑھ سال کے مختصر وقت میں پارکوں کو بحال کیا، پانی وسیوریج کے مسائل حل کیے اوراب گلیوں میں پیور بلاک کے کام کروائے جارہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ٹاؤن و یوسی میں اختیارات منتقل کرنے کے لیے بھی تیار نہیں ہے، جماعت اسلامی عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ ظالم حکمرانوں سے عوام کے حقوق بھی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی یوسی 8 کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 5میں 1200مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج،نائب امیر ضلع گلبرگ سید عامر موسیٰ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پرناظم علاقہ گلبرگ حافظ خضر، چیئرمین یوسی 8 فاروق نعمت اللہ،وائس چیئرمین یوسی 8 جلال قریشی ودیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے الخدمت کے تحت مفت بازار کا دورہ بھی کیا جہاں فرید احمد نے بازار سے متعلق بریفنگ دی ۔

منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ پورے ملک میں الخدمت کا نیٹ ورک موجود ہے ،الخدمت ایک این جی او ہے جو کسی بھی ریاست کا متبادل نہیں ہوسکتی لیکن اس کے باوجود کراچی سمیت ملک بھر میں عوامی خدمات انجام دے رہی ہے ، علاقہ گلبرگ و حلقہ گلفشاں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو گزشتہ 25 سال سے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ 12 سو سے زائد ضرورت مندوں میں راشن کی تقسیم کی جارہی ہے۔

رمضان المبارک برکت و رحمت کا مہینہ ہے۔ رمضان المبارک غم خواری، صبر و استقامت و ایثار قربانی کا درس دیتا ہے۔شہری مشکل حالات میں زندگی گزاررہے ہیں۔نفسا نفسی کے عالم میں الخدمت مفت بازار قابل مبارکباد ہے۔ الخدمت کے تحت مختلف سرگرمیاں سرا نجام دی جارہی ہیں۔ کراچی میں الخدمت صحت کی سہولیات، پینے کے صاف پانی و دیگر پروجیکٹ پر کام کررہی ہے۔

الخدمت پورے پاکستان میں 30 ہزار زائد یتیم بچوں کو کفالت یتامیٰ کے تحت سرپرستی کررہی ہے۔ کامران سراج نے کہاکہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم ایسے خاندانوں کی سفید پوشی کا بھرم رکھتے ہوئے ان کی امداد کریں جو صبح سے شام تک محنت مزدوری کرتے ہیں ، ہم ان کی عزت نفس کو مجروح کیے بغیر ان کی مدد کرتے ہیں ۔ نفسا نفسی کے دور میں دوسروں کو آسانیاں فراہم کرنے کے لیے الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔

سید عامر موسی نے کہاکہ الخدمت مفت بازار گزشتہ 25 سال سے جاری ہے۔سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے اس روایت کا آغاز کیا تھا۔ الخدمت مفت بازار کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کو مفت راشن تقسیم کیے جاتے ہیں۔ہم بلدیاتی حکومت کا حصہ ہے اور ہم اپنی مدد آپ کے تحت وسطی گلبرگ میں پانی و سیوریج کے مسائل حل کررہے ہیں۔ ہم عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام کے فلاح وبہبود کے لیے ہی خرچ کریں گے۔