شہر قائد میں گرمی کی موجودہ لہر برقرار ،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع صاف رہے گا

کراچی میں بدھ تک گرمی کی شدت برقراررہ سکتی ہے اور جمعرات سے موجودہ گرمی کی لہر میں کمی آنا شروع ہوگی،ماہرین موسمیات

منگل 11 مارچ 2025 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2025ء)شہر قائد میں گرمی کی موجودہ لہر برقرار ہے،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع صاف رہے گا، دن کے اوقات میں قدرے گرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے،ماہرین موسمیات نے جمعرات سے موجودہ گرمی کی لہرمیں کمی کا امکان ظاہرکیاہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،منگل کوکم سے کم درجہ حرارت 18.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔کراچی میں بدھ تک گرمی کی شدت برقراررہ سکتی ہے اور جمعرات سے موجودہ گرمی کی لہر میں کمی آنا شروع ہوگی۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں اینٹی سائیکلون گرم موسم میں اضافے کا باعث تھا تاہم ہوا کا یہ زائد دبائو اب مشرق کی طرف بڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں 5 روز سے جاری گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے اور آئندہ 2 سے 3 دن بعد سندھ بھر میں موسم بہتر ہو جائے گا۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایاکہ کراچی میں ہفتہ اور اتوار سے درجہ حرارت مارچ کے معمول کے مطابق رہیں گے، اس دوران شہر میں دن کا پارہ 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق گرمی کی حالیہ لہر بھارتی راجستھان و قرب وجوار پر موجود دبائو کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ راجستھان پر موجود پریشر بتدریج کم جبکہ بحیرہ عرب میں ہائی پریشر بن رہا ہے۔ہائی پریشر کراچی سے دور ہے تاہم قریب آنے پر تیز ہوائوں کا سبب بن سکتا ہے، معمول سے تیز ہوائوں کے سبب درجہ حرارت 33 تا 34 ڈگری پر آجائے گا۔