Live Updates

کالعدم بی ایل اے تشدد اور بندوق کے زور پر نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہے

کون ہے جو قتل وغارت کررہا ہے ہم کیوں ان کا نام نہیں لیتے؟جو ریاست توڑنے کی بات کرے گا ہم اس کا قلع قمع کریں گے،بلوچستان کیلئے کوئی بھی قدم اٹھانا ہے حکومت اس کے ساتھ ہوگی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 12 مارچ 2025 19:32

کالعدم بی ایل اے تشدد اور بندوق کے زور پر نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہے
کوئٹہ ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 12 مارچ 2025ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کالعدم بی ایل اے تشدد اور بندوق کے زور پر نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہے، کون ہے جو قتل وغارت کررہا ہے ہم کیوں ان کا نام نہیں لیتے؟ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ میں نے ایوان سے 100بار مذاکرات کی آفر کی ، بلوچستان کیلئے کوئی بھی قدم اٹھانا ہے حکومت اس کے ساتھ ہوگی، میرے 380 لوگ اس جنگ میں مارے گئے ان کا خون معاف کرنے کو تیار ہوں ۔

کون سے حقوق ہیں جو پارلیمنٹ نے بلوچستان کو نہیں دیئے؟ معصوم مسافروں کیلئے کوئی بھی آواز نہیں اٹھتی، کون ہے جو قتل وغارت کررہا ہے ہم کیوں ان کا نام نہیں لیتے؟ریاست نے ان کو باربار موقع دیا، 500 لوگ بھی ہمارے قتل ہوں اور معافی بھی ہم مانگیں، معافی مانگنے کو تیار ہوں کیا وہ اس کو قبول کرنے کو تیار ہیں؟انہوں نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے تشدد اور بندوق کے زور پر نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہے، کیا ا ن کو معصوم لوگوں کو بسوں سے اتار کرمارنے کی اجازت دے دیں؟چن چن کر بلوچوں کو مقبری کے نام پر مارا جارہا ہے، جو تشدد کرے گا ریاست توڑنے کی بات کرے گا ریاست قلع قمع کرے گی۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ بزدلانہ دہشت گردی ہے، حملہ آوروں کو عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے، صوبے کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خون بہانے والوں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا، دشمن سن لے بلوچستان میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو نیست و نابود کر دیا جائے گا، ریاست پر حملہ ناقابلِ برداشت، قاتلوں کو چن چن کر ماریں گے، عوام خوفزدہ نہ ہوں، ہم دشمنوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں، بچ کر کوئی نہیں جائے گا۔

سرفراز بگٹی کہتے ہیں کہ علاقے میں سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردوں کی مکمل بیخ کنی کریں گے، جعفر ایکسپریس پر حملہ قومی سلامتی پر حملہ ہے جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، بلوچستان میں دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں ہے، قومی یکجہتی سے دشمنوں کی جڑیں کاٹ کر رکھ دیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کو ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، بلوچستان میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور یہ تعاون جاری رکھا جائے گا، مل کر دہشت گردوں کا صفایا کریں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
Live جعفر ایکسپریس حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات