ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے کےلئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

جمعرات 13 مارچ 2025 17:10

ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے کےلئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی اور ریاستی اداروں کو متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ دہشت گردی ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے تمام قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم سیاسی و عسکری سطح پر ایک واضح اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں، تو دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں موجود سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کا براہ راست نقصان ملک کو ہو رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات بھلا کر ملک کے وسیع تر مفاد میں متحد ہونا ہوگا تاکہ دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جب تک سیاسی قیادت آپس میں الجھی رہے گی، دہشت گرد عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرتے رہیں گے، اس لئے قومی اتفاق رائے اور یکجہتی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور موثر کارروائی کی جا سکے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی توانائیاں سیاسی کشیدگی میں ضائع کرنے کے بجائے ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ پر مرکوز کریں۔