عمرکوٹ ،قومی اسمبلی کی نشست پر عمرکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ٹرانسپورٹیشن پلان کے حوالے سے ایک اجلاس

جمعرات 13 مارچ 2025 17:11

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) قومی اسمبلی کی نشست NA-213 پر عمرکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ٹرانسپورٹیشن پلان کے حوالے سے ایک اجلاس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک کی صدارت میں ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے دوران 497 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی سامان اور عملہ پہنچانے کے لیے تمام ٹرانسپورٹ مالکان اپنی گاڑیاں فراہم کرکے اپنہ قومی فریضہ ادا کریں، انہوں نے ہدایت دی کہ دو دن کے اندر ٹرانسپورٹ پلان میں شامل گاڑیوں کی تفصیلات سیکریٹری آر ٹی ای (RTA) کے پاس جمع کرائی جائیں، جس میں گاڑی کا نمبر، ڈرائیور کا نام اور رابطہ نمبر شامل ہو۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سیکریٹری آر ٹی ای سید شیراز علی شاہ کو ہدایت دی کہ وہ ٹرانسپورٹ پلان کا روٹ میپ مرتب کریں اور ٹرانسپورٹ مالکان کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ اپنی گاڑیاں الیکشن ڈیوٹی کے لیے فراہم کریں، انہوں نے مزید کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشن کے لیے الگ گاڑی مختص کی جائے تاکہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہ ہو، اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عمرکوٹ سید طیب انور شاہ بخاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا شفاف اور غیر جانبدار انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام ٹرانسپورٹ مالکان ضمنی انتخابات میں مکمل تعاون کریں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ الیکشن میں 183 گاڑیاں ٹرانسپورٹ پلان میں شامل کی گئی تھیں۔جن میں بسیں، کوچز، وینز، اور لانگ چیس گاڑیاں شامل تھیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عمرکوٹ سید طیب انور شاہ بخاری، ریٹرننگ آفیسر و اسسٹنٹ کمشنر عمرکوٹ رجب علی سٹھیو، ڈی ایس پی عمرکوٹ تصور جٹ، سیکریٹری آر ٹی ای سید شیراز علی شاہ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عمرکوٹ محمد اسلم بھٹی، ٹریفک انچارج نور محمد سومرو، ٹرانسپورٹ مالکان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔\378