سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی کا انعقاد

جمعرات 13 مارچ 2025 19:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے پاکستان کے عوام کی جانوں اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کی بہادری اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمعرات کو یونیورسٹی میں یکجہتی ریلی نکالی۔جاری اعلامیہ کے مطابق ریلی کا آغاز یونیورسٹی کی مین بلڈنگ سے کیا گیا جس کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کی۔

ریلی یونیورسٹی کے مختلف حصوں سے ہوتی ہوئی یونیورسٹی کے آئی ٹی ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج پاکستان کے ان اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف بہادری سے لڑ رہی ہیں جو اپنے مذموم مقاصد کے لیے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے اور بلوچستان کی دہشت گرد تنظیموں کے ہاتھوں جوانوں اور مسافروں کو شہید کرنے کی مذمت کی۔انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرنے اور مسافروں کو بحفاظت آزاد کرانے پر مسلح افواج کو سلام پیش کیا۔ریلی میں ڈینز، مختلف تعلیمی شعبوں کے چیئرپرسنز، مختلف انتظامی شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی، دیگر ملازمین اور طلباء نے شرکت کی۔