پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز کے مالی معاملات میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہی: خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 13 مارچ 2025 23:02

پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز کے مالی معاملات میں سو فیصد شفافیت کو یقینی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن لاہور میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا 17 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری سدرہ سلیم اور ڈپٹی سیکرٹری بجٹ حماد الرب نے شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے پارلیمانی سیکرٹری ضیاء اللہ شاہ، سینڈیکیٹ ممبر ڈاکٹر جمال ناصر، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر و دیگر سینڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران مختلف ایجنڈوں کی منظوری دے دی۔خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی نمایاں کارکردگی پر وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران سکیل 2 سے سکیل 16 تک کے نان گزیٹڈ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران 9 گزیٹڈ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ایڈہاک ملازمین کے کنٹریکٹ کی اگلے چھ ماہ کیلئے تعیناتی کی منظوری دی گئی اورسینڈیکیٹ اجلاس کے دوران ہولی فیملی ہسپتال، بے نظیر بھٹو ہسپتال اور راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال کے بھی مختلف ایجنڈاز کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز کے مالی معاملات میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں جدید ریسرچ کو بھی پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔