دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لئے سب کو متحد ہو نا ہو گا ،بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 14 مارچ 2025 22:14

دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لئے سب کو متحد ہو نا ہو گا ،بلاول بھٹو زرداری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2025ء) چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زر داری نے پاک فوج کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج نے جعفر ایکسپریس حملے کے خلاف آپریشن کیا وہ قابل ستائش ہے ۔ سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن پر سلام پیش کرتے ہیں ۔ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لئے سب کو متحد ہو نا ہو گا ، ۔ ہمیں اپنی جغرافیائی اور علاقائی سرحدوں کی حفا ظت کرنی ہو گی ۔

سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ کیرئیر پورٹل آئی ورک فور سندھ ڈاٹ کام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے جعفر ایکسپریس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوے کہا کہ جس شدت سے دہشتگردوں نے حملہ کیا میرا خیال تھا کہ آپریشن کامیاب ہونے میں بہت وقت لگے گا لیکن سلام ہے ہماری پاک فوج اور فورسز کو کہ انہوں نے جس چابک دستی سے کامیاب آ پریشن کر کے مغویوں کو بازیاب کرایا وہ خراج تحسین کی مستحق ہیں ۔

(جاری ہے)

فورسز نے نہ صرف مغویوں کو بازیاب کرایا بلکہ دہشتگردوں کا قلع قمع بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا ۔ پاکستان پیلز پارٹی دہشتگردوں کے خلاف ڈ ٹ کر کھڑی ہے ہم نے ہر قسم کی دہشتگردی کا سامنا کیا ہے ۔ انہوں نے کہ ہمیں اپنی جغرافیائی اور علاقائی سرحدوں کی حفا ظت یقینی بنانا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ کل سندھ اسمبلی اجلاس میں پانی کی تقسیم پر ارکان کا موقف لیا، آپ کے تحفظات وفاق تک پہنچارہے ہیں، پی ٹی آئی دور میں 2 کینالز بنانے کا معاملہ آیا تو جام خان شورو، نثار کھوڑو نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

کچھ لوگوں مسئلے کی سنگینی کا احساس ہوا ہے جو کہ ایک اچھی بات ہے ۔ انہوں نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ مسائل کا حل سیاسی انداز سے ہی نکل سکتا ہے ۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کا خیر مقدم کرتے ہوے کہا کہ مہنگائی میں کمی کے ساتھ ساتھ پیداوار میں اضافہ بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوان کی ترقی میری ذمہ داری ہے ۔ سندھ کو دن دگنی رات چگنی ترقی دینی ہے ۔

وزیر اعلی کو ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے پر مبار کباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پورے سندھ کی معیشت پرائیوٹ سیکٹر چلاتا ہے، روزگار کے مواقع عوام کو فراہم کرنا حکومت کا کام ہے، آئی ٹی کے استعمال سے آئی ورک فار سندھ پورٹل بنایا ہے، اس صوبے کے نوجوان اور جاب کریئیٹر کو دعوت دیتا ہوں کہ اس پلیٹ فارم پر آئیں، ماڈرن ٹیکنالوجی سے پرائیویٹ سیکٹر سے ملکر نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔