ٹرمپ انتظامیہ کا سفری پابندیاں لگانے کافیصلہ،فہرست تیار، پاکستان بھی شامل

سفری پابندیوں میں مختلف ممالک کو تین مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا جائے گا، امریکی اخبار

ہفتہ 15 مارچ 2025 17:14

ٹرمپ انتظامیہ کا سفری پابندیاں لگانے کافیصلہ،فہرست تیار، پاکستان ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2025ء) ٹرمپ انتظامیہ 43 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیوں کی تجاویز پر غور کر رہی ہے۔امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ایک نئی سفری پابندیوں کی فہرست پر غور کر رہی ہے جس میں مختلف ممالک کو تین مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا جائے گا۔10 ممالک کو اورنج لسٹ میں شامل کرنے کی تجویز ہے، اورنج لسٹ میں پاکستان بیلاروس، ہیٹی، میانمار، روس اور ترکمانستان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اورنج لسٹ میں شامل ممالک کے شہریوں کے امیگرنٹ اور سیاحتی ویزے محدود کیے جائیں گے، اس لسٹ میں شامل ممالک کے کاروباری مسافروں کو کچھ شرائط کے ساتھ امریکا میں داخلے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ 11 ممالک کے شہریوں پر مکمل پابندی کا بھی ارادہ رکھتے ہیں، جن ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے ان میں افغانستان، بھوٹان، کیوبا، ایران، لیبیا، شمالی کوریا، شام، سوڈان، سومالیہ، وینزویلا اور یمن شامل ہیں۔ٹرمپ انتظامیہ چاڈ، ڈومینیکا اور لائبیریا سمیت 22 ممالک کو یلو لسٹ میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے جس کا مطلب ہے کہ ان ممالک کے شہریوں کے پاس ویزا درخواست کے حوالے سے کسی قسم کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے 60 روز ہوں گے۔