کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت

ہفتہ 15 مارچ 2025 18:16

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے ان غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتی ہے جن کا مقصد کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کرنا اور مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے سکریٹری اطلاعات و قائمقام کنوینر مشتاق احمد بٹ نے کہا بھارتی حکومت کی جانب سے غیر ریاستی باشندوں کو کشمیر کی ڈومیسائل دینے کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

یہ اقدام مقبوضہ کشمیر کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کی شناخت اور حق خودارادیت کو ختم کرنا ہے، یہ جنیوا کنونشن کے چوتھے آرٹیکل کی بھی خلاف ورزی ہے، جو مقبوضہ علاقوں میں آبادیاتی تبدیلیوں کو غیر قانونی قرار دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی اور اتحاد المسلمین جموں و کشمیر سمیت اور بھی متعدد پرامن سیاسی جدوجہد کرنے والی تنظیموں پر پابندی لگانا جمہوریت اور آزادی اظہار رائے پر ایک سنگین حملہ ہے۔

ان تنظیموں نے ہمیشہ پرامن اور جمہوری طریقوں سے کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ ان پر پابندی لگا کر بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کی جائز آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، تشدد اور آزادی اظہار رائے پر پابندی اور جائیدادوں کا سربمہر کرنا معمول بن چکا ہے۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے بھی اپنی رپورٹس میں ان خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس بھارت پر زور دیتی ہے کہ وہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے سہہ فریقی مذاکرات شروع کرے۔ یہ مذاکرات پاکستان، بھارت اور کشمیری عوام کے نمائندوں کے درمیان ہونے چاہئیں۔ کشمیری عوام کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ڈیموگرافی تبدیلی کو روکے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرے۔ اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ اپنے حق خودارادیت کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہم کسی بھی دباؤ یا جبر کے سامنے نہیں جھکیں گے۔