جنیوا میں کشمیریوں کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بڑا احتجاجی مظاہرہ

اتوار 16 مارچ 2025 14:00

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء)سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میںاقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے 58 ویں اجلاس کے موقع پربروکن چیئر کے نیچے کشمیریوں کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بڑا احتجاجی مظاہرہ،احتجاجی مظاہرے میں حریت رہنماؤں غلام محمد صفی،ایڈووکیٹ پرویز شاہ،الطاف حسین وانی،پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما سردار امجد یوسف،صدر انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس زاہد اقبال ہاشمی اور ملک اویس سمیت کثیر تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی،جنیوا کی فضا مودی مردہ باد اوربھارت مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر انڈیا مخالف نعرے درج تھے،اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس زاہد اقبال ہاشمی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خونریزی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

زاہد اقبال ہاشمی نے کہا کہ بھارت جنگی جرائم میں ملوث،مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی انسانی جیل میں بدل کر رکھ دیا گیا ہے آبادی کی ہیئت کو بدلنے کے لیے انڈیا سے ہندوؤں کو لا کر مقبوضہ جموں وکشمیر میں آباد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری تارکین بھارت کا غاصبانہ اور جابرانہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب کریں گے۔انھوں نے دیرینہ تنازع کو خطے میں امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کو یقینی بنانے کیلئے دیرینہ تنازع کا جلد اور پرامن حل ناگزیر ہے۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے انھوں نے بھارتی فوج کو کشمیریوں کیخلاف کئے جانیوالے جنگی جرائم کیلئے جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ 5 اگست 2019 سے پہلے اور اس کے بعد گرفتار کیے گئے کشمیری قیدیوں کی جلد از جلد رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں مقررین نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔