مودی کے جموںوکشمیر سے دعوے تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

مودی کا امریکی لیکس فریڈمین کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ تنازعات سے بھرا ہوا تھا جس میں انہوں نے خطے کے زمینی حقائق کو ڈھٹائی سے جھٹلایا

منگل 18 مارچ 2025 17:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ انٹرویو کو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے جعلی بیانیہ کو فروغ دینے کی کوشش قرار دیاہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم کا امریکی لیکس فریڈمین کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ تنازعات سے بھرا ہوا تھا جس میں انہوں نے خطے کے زمینی حقائق کو ڈھٹائی سے جھٹلایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کو دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے کی عادت ہے جس پر گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھاہے۔مسئلہ کشمیر پر اپنی پارٹی کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموںو کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اورکشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعے کے حتمی حل کے منتظر ہیں۔