امام نورانی ؒ کی خدمات کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھاجائے گا،فقیرشکیل قاسمی

منگل 18 مارچ 2025 21:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)یوم ولادت امام نورانیؒ کے موقع پر جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمد شکیل قاسمی نے مولانا شاہ احمد نورانی صدیقیؒ کی انقلابی سیاسی اور مذہبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جدوجہد کو پاکستان کے اسلامی تشخص کے قیام میں اہم قرار دیا۔ اس موقع پر فقیر ملک محمد شکیل قاسمی نے مولانا نورانیؒ کی زندگی اور ان کے مشن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مولانا نورانیؒ کی خدمات کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، آپ کی سیاسی اور مذہبی جدوجہد نے پاکستان میں ایک مضبوط اسلامی بنیاد فراہم کی۔

فقیر ملک محمد شکیل قاسمی نے مولانا نورانیؒ کی 1974ء کی تاریخی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب قادیانی پاکستان میں دندناتے پھررہے تھے تو مولانا نورانیؒ ہی تھے جنہوں نے پاکستان کی قومی اسمبلی میں اس معاملے کو اُٹھایا اور پاکستان میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دلوانے کے لیے ایک مضبوط اور جرات مندانہ موقف اختیار کیا۔

(جاری ہے)

ان کی ولولہ انگیزقیادت کے باعث 7 ستمبر 1974ء کو قومی اسمبلی نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام کے لیے ایک بڑی کامیابی تھی، جس نے مسلمانوں کو اپنے عقائد کی حفاظت کی یقین دہانی فراہم کی۔فقیر ملک محمد شکیل قاسمی نے مزید کہا کہ مولانا نورانیؒ نے 1973ء میں پاکستان کے آئین میں اسلامی دفعات شامل کرنے کے لیے بھرپور محنت کی۔ آپ نے پاکستان کو اسلامی جمہوریہ قرار دلوانے کے لیے جدوجہد کی اور قراردادِ مقاصد کو آئین کا حصہ بنوایا۔

انہوں نے بتایا کہ اگر مولانا نورانیؒ کی محنت نہ ہوتی تو پاکستان کا آئین مکمل طور پر سیکولر ہو چکا ہوتا۔ ان کی کوششوں کے باعث آئین میں اسلامی دفعات شامل ہوئیں، جو آج بھی ہمارے لیے ایک مضبوط قانونی اور نظریاتی ستون کی حیثیت رکھتی ہیں۔فقیر ملک محمد شکیل قاسمی نے مولانا نورانیؒ کے سیاسی نقطہ نظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مولانا نورانیؒ ہمیشہ اس بات پر زور دیتے تھے کہ سیاست کو دین سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔

آپ نے اپنی سیاسی جدوجہد میں ہمیشہ اسلامی نظام کے نفاذ کی بات کی اور پاکستان میں نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی جمعیت علمائے پاکستان کے کارکنان اسی مشن کی تکمیل کے لیے سرگرم ہیں اور ہم ایک دن پاکستان میں نظامِ مصطفیٰ ﷺ کا نفاذ کریں گے۔فقیر ملک محمد شکیل قاسمی نے مولانا نورانیؒ کے مشہور قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مولانا نورانیؒ نے ہمیشہ کہا تھا کہ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو اسے نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے سانچے میں ڈھالنا ہوگا۔

یہ قول آج بھی ہمارے لیے ایک روشن رہنمائی کا ذریعہ ہے اور ہم اپنی جدوجہد کو اسی عزم کے تحت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے بغیر ہمارا مقصد مکمل نہیں ہو سکتا۔فقیر ملک محمد شکیل قاسمی نے اختتام پر کہا کہ ہمیں اس بات کا مکمل یقین ہے کہ مولانا نورانیؒ کا مشن آج بھی زندہ ہے اور ہم اس مشن کو تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان شاء اللہ ایک دن پاکستان میں نظامِ مصطفیٰ ﷺ کا نفاذ ہوگا اور پاکستان مکمل طور پر اسلامی اصولوں پر استوار ہو گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا نورانیؒ کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے مشن کو جاری رکھنے کی توفیق دے۔ان کا کہناتھاکہ مولانا نورانی نہ صرف ایک عظیم عالمِ دین بلکہ آپ ایک انقلابی رہنما بھی تھے جنہوں نے اپنی زندگی اسلامی نظام کے نفاذ اور امت مسلمہ کے سیاسی حقوق کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے مولانا نورانیؒ کی تاریخی جدوجہد اور ان کے مشن کو زندہ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔