کاروباری برادری پاک فوج کی قدر، اقدامات کی غیرمشروط حمایت کرتی ہے،میاں زاہدحسین

دہشت گردوں کو سیاسی لبادہ فراہم کرنے والوں سے محتاط رہا جائے،دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ڈرون ٹیکنالوجی روبہ عمل لائی جائے،،چیئرمین نیشنل بزنس گروپ

بدھ 19 مارچ 2025 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی ملکی سالمیت کے لئے بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے نئے سرے سے منصوبہ بندی کرکے فوری عمل درآمد کیا جائے اور ڈرون ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے پر سوچا جائے۔

عوام اورکاروباری برادری دہشت گردوں کے خلاف فوج کی جانی قربانیوں اور شہادتوں کوقدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اورانکی غیر مشروط حمایت کرتی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عرصہ درازسے دہشت گردی جاری ہے جس میں سیکورٹی اداروں اورعوام کوبھاری جانی اورمالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

جعفر ایکسپریس کا سانحہ، بلوچستان اور کے پی میں پے در پہ درجنوں دہشت گردی کی کاروائیوں نے دہشت گردوں کے عزائم کو واضح کر دیا ہے اور دہشت گرد کچھ ممالک کی بھرپورمدد سے بہت زیادہ فعال ہوگئے ہیں۔

قوم کو دہشت گردوں کو سیاسی لبادہ فراہم کرنے والے سیاست دانوں اور دانشوروں سے محتاط رہنا چاہیے۔ دہست گرد عوام کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں اورقوم کوروزایک نئے سانحے کی خبرملتی ہے جس سے عوام کا مورال متاثرہورہا ہے۔ اس منظم سازش میں خطے کے ممالک کے علاوہ بہت سی طاقتیں شامل ہیں جوپاکستان کوغیرمستحکم دیکھنا چاہتی ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اب نرمی اورڈیپلومیسی کا وقت گزرچکا ہے اورقوم کوچائیے کہ فوج کی بھرپورحمایت کرتے ہوئے انکے لئے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیواربن جائیں تاکہ ملکی خود مختاری کے خلاف اس منظم سازش کوجڑسے اکھاڑا جاسکے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ محب وطن سیاسی پارٹیاں بھی اس معاملہ میں حکومت اورفوج کے ساتھ ایک پیج پرہیں جبکہ بعض سیاسی شرپسند اس میں روڑے اٹکا رہے ہیں جن سے سختی سے نمٹا جائے۔ پوائنٹ اسکورنگ کرنے والے سیاسی شرپسند موقع کی نزاکت کوبالائے طاق رکھتے ہوئے ملک دشمنوں کے ہاتھ مضبوط کرنے میں مصروف ہیں جن کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے مصدقہ ثبوت موجود ہیں مگرانتشاری ٹولہ انھیں پاکستان کی شہریت دینے کا مطالبہ کررہا ہے جوافسوسناک ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ پولیس کوہائی الرٹ کردیا گیا ہے اورانہیں بہتروسائل دینے کی بھی ضرورت ہے جبکہ تمام شورش زدہ علاقوں میں کرفیولگا کرآپریشن کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسے نازک وقت میں ملک کے دشمن، علما کرام کومسلسل شہید کررہے ہیں جوملک کوکمزورکرنے کی ناپاک سازش کا حصہ ہے۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ عوام اورکاروباری برادری کوحکومت اورفوج کی صلاحیتوں اورقربانیوں پرفخر ہے اورانھیں یقین ہے کہ فوج ملک کواس مسئلے سے نکال لے گی۔