سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن ، دس خوارج کو ہلاک کر دیا،آئی ایس پی آر

جمعہ 21 مارچ 2025 01:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران دس خوارج کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 20 مارچ 2025 کو سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو گھیرے میں لے کر مؤثر طریقے سے ان پر حملہ کیا کیا اور اس کے نتیجے میں تمام دس خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، کیپٹن حسنین اختر (عمر: 24 سال، ساکن ضلع جہلم) جو آگے سے اپنے دستوں کی قیادت کر رہے تھے نے بہادری سے لڑتے ہوئےشہادت کو گلے لگا یا۔کیپٹن حسنین ایک بہادر افسر تھا جو گزشتہ آپریشنز کے دوران اپنی جرات اور دلیرانہ کارروائیوں کی وجہ سے مشہور تھا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ہلاک ہونے والے خوارج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوان افسروں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔