جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر تحصیل شرقپورہ(ڈہانہ) ضلع شیخوپورہ میں تقریب کا انعقاد

وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی ،وزیر قانون و مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ کی بطور مہمان خصوصی شرکت

جمعہ 21 مارچ 2025 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے پہلی سموگ پالیسی بنائی۔وزیر اعلی پنجاب نے سموگ کو کنٹرول کے لیے تمام محکموں کو ایک پلیٹ پر اکٹھا کیا تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن اور سنئیر صوبائی وزیر کی ہدایات کے مطابق تمام محکموں نے اس پالیسی میں اپنا موثر کردار ادا کیا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت ولائیوسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیرِ اہتمام تحصیل شرقپور(ڈہانہ) ضلع شیخوپورہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور وزیر قانون و مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی رانا طاہر،پیر اشرف رسول اور عطیہ افتخار کے علاوہ سپیشل سیکرٹری جنگلات طاہر ظفر عباس،ڈپٹی کمشنر شخوپورہ شاہد عمران مارتھ، ڈی پی او بلال شیخ، اے سی شرقپورہ انعم نے شرکت کی۔اس موقع پرصوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے کہا کہ درخت لگانا نیکی کا کام ہے۔ہر شخص کی یہ ذاتی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک پودا لگائے۔

حکومت پنجاب کا مقصد خوشگوار ماحول برقرار رکھ کر نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔پچھلی حکومتوں نے پنجاب میں سموگ پر قابو پانے کے لیے کوئی عملی کام نہ کیا اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو نہ پانے کے باعث آدھا پنجاب سموگ کی زد میں رہا۔پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں ملین ٹری سونامی منصوبہ ناکام رہا۔محکمہ زراعت پنجاب نے سموگ کنٹرول کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

سموگ کنٹرول کرنے کے لیے 5 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو 5ہزار سپر سیڈرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔سپرسیڈرز کے استعمال سے فصلوں کی باقیات کو جلانے کی ضرورت پیش نہیں آئی ہے۔اس موقع پر وزیر قانون و مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں پرائیویٹ اور پبلک سکول کے بچوں کو ایک مقصد کے لیے اکٹھا دیکھ کر خوش محسوس ہوئی۔

ہر بچہ ایک پودا اپنے گھر،سکول اور یونیورسٹی میں لگانے کے بعد اس کا خیال رکھے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت نوجوان نسل کو صاف ستھراماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ نے اپنے بجٹ کا ایک فیصد حصہ شجر کاری کے لیے مختص کیا ہے جو نہایت خوش آئند اقدام ہے۔

دوسرے محکموں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔ قبل ازیں سپیشل سیکرٹری جنگلات کیپٹن طاہر ظفر عباس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے راوی کنارے 973ایکڑ محیط یہ زمین کسانوں کو دو سال کے لیے دی جائے گی اور سبزیاں کاشت کرنے کے لیے بیج بھی فراہم کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے اس علاقہ میں 34ٹیوب ویلز بھی لگائے گئے ہیں لہذا پانی وافر مقدار میں موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ تحصیل شرقپورہ سے متصل علاقہ ڈہانہ میں 2ماہ کے اندر اب تک 5لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ 18ہزار پودے آج کے دن میں لگائے جائیں گے۔