پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت صوبہ بھر میں ڈیڑھ کروڑ پودوں کا جیو ٹیگنگ ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا‘ بلال یاسین

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شجرکاری مہم کے تحت لگائے جانیوالے پودوں کی جیو ٹیگنگ کی جارہی ہے‘وزیر ہاؤسنگ پنجاب

جمعہ 21 مارچ 2025 18:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء) وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے جنگلات کے عالمی دن پر لاہور میں شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا، پی ایچ اے کے تحت لنگز آف لاہور راوی بیلٹ پر پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا،وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے حلقہ پی پی 174 گورنمنٹ جنرل ہسپتال بلال گنج میں بھی پودا لگایا، اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت صوبہ بھر میں ڈیڑھ کروڑ پودوں کا جیو ٹیگنگ ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے شجر کاری ناگزیر ہے،شجر لگانا بھی ایک صدقہ ہے جس کا ثواب انسان کو تادیر ملتا رہتا ہے،وزیر ہاؤسنگ نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ اس مہم میں بھرپور کردار ادا کریں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شجرکاری مہم کے تحت لگائے جانیوالے پودوں کی جیو ٹیگنگ کی جارہی ہے، تحریک فساد کے بلین ٹری جو سونامی میں بہہ گئے، ایسا منصوبہ مریم نواز کی حکومت میں نہیں ملے گا، بلال یاسین نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن محض کاغذی نہیں عملی منصوبوں اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔