نوازشریف سے سپریم کور بار کے صدر کی ملاقات ،قانونی امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 21 مارچ 2025 22:53

نوازشریف سے سپریم کور بار کے صدر کی ملاقات ،قانونی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2025ء)سابق وزیر اعظم نوازشریف سے سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رؤف عطا نے ملاقات کی ہے،وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے، جبکہ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ہمراہ عطا اللہ لانگو، صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، کوئٹہ بھی موجود تھے۔

یہ ملاقات جو ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہی، میں قانون و امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، خصوصاً بلوچستان میں، پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سے بطور ایک سینئر اور تجربہ کار سیاستدان درخواست کی کہ وہ قومی سیاسی قائدین، خاص طور پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا اقدام کریں تاکہ صوبے کے مسائل کے حل پر قومی اتفاق رائے قائم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے جمہوری طرز عمل ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔جاری اعلامیے میں بتایاگیاہے کہ میاں محمد نواز شریف، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)، نے بھی بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے اور صوبے میں امن کی بحالی کے لیے جو بھی کردار ادا کرنا پڑے، اسے نبھانے کا وعدہ کیا اور جلد بلوچستان کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ صوبے کے مسائل کا حل صرف اور صرف جمہوری طریقے سے ممکن ہے۔ مزید برآں، انہوں نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔آخر میں، دونوں رہنماؤں نے ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان اور ملک کی بہتری کے لیے مستقبل میں مشاورت جاری رکھنے کا عزم کیا۔ انہوں نے بلوچستان اور ملک بھر میں حالیہ افسوسناک واقعات میں جان بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔