ماہ مقدس کی تقدیس واحترام کو صیہونی غرور وتکبر نے کچلتے ہوئے امت مسلمہ کے کلیجے پر وار کیا ‘حافظ سعد حسین رضوی

قبلہ اول اور مسجد اقصی کی حفاطت پوری امتِ مسلمہ پر فرض ہے، اسرائیل کے حمایت کردہ اسلامی ممالک کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے عالمی برادری فلسطین کو آزاد ریاست اور بیت المقدس کو تسلیم کرکے فلسطین میں امن کیلئے کردار ادا کرے‘سربراہ تحریکِ لبیک پاکستان

جمعہ 21 مارچ 2025 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء)تحریک لبیک پا کستان کے زیر اہتمام فلسطین غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں داتا دربار سے پنجاب اسمبلی ہال چوک تک لبیک یا اقصی مارچ نکالا گیا۔ مارچ میں مرکزی اراکین مجلس شوری سمیت ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، سربراہ تحریکِ لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس اور بیت المقدس کی تقدیس واحترام کو صیہونی غرور وتکبر نے کچلتے ہوئے امت مسلمہ کے کلیجے پر وار کرنے کی مذموم کوشش کی ہے، جو انتہائی قابل افسوس و قابل مذمت ہے، قدس شریف، فلسطینی نہتی عوام پر ظلم و زیادتی اور حقوق کو سرعام تلف کرنے کی ناپاک جسارت وہمت بعض نام نہاد اسلامی ممالک کی کمزور اور ناقص پالیسیوں کا ہولناک انجام ہے، اسرائیل کے حمایت کردہ اسلامی ممالک کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے اور اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہیے تاکہ ان کی ناقص فکر امت مسلمہ کے اجتماعی کاز کو متاثر نہ کر سکے، دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد اسرائیل کے بعض اسلامی ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے غیر معمولی تعلقات بڑی تباہی کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے جس جزبہ وحمیت سے قدس شریف اور سرزمین فلسطین کی بنیاد کو اپنے مبارک، پاکیزہ لہو سے سینچا ہے، کوئی دہشتگرد ملک اس عظیم خطے کے اسلامی مستقبل کو تبدیل نہیں کر سکتا۔رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام نے استقامت و قربانی کی وہ لازوال تاریخ رقم کی ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا اور مسلمانوں کے ازلی دشمن اسرائیل کے خلاف فلسطین کی آزادی کیلئے پوری امتِ مسلمہ اور پاکستانی قوم ہمیشہ کھڑی رہے گی،فلسطین ارض مقدس انبیائے کرام کا وطن اورمقام اسرائے رسولﷺ اور آخری امت کا وہ قیمتی اثاثہ ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ ہر گز قبول نہیں،فلسطین ارض و تاریخ، مقدسات اور تاریخی آثار و نشانات کے اعتبار سے وہ قیمتی ورثہ ہے جسکی نگرانی اور حفاظت انتہائی اہم و ضروری ہے جبکہ ارض مقدس کی توہین، بے حرمتی اور غزہ کی نہتی عوام کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنانا اسلامی ممالک کی غیرت و حمیت کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہے۔

حافظ سعد رضوی نے مزید کہا کہ قبلہ اول اور مسجد اقصی کی حفاطت پوری امتِ مسلمہ پر فرض ہے،عالمی برادری فلسطین کو آزاد ریاست اور بیت المقدس کو تسلیم کرکے فلسطین میں امن کیلئے کردار ادا کرے،اگر ہمارے پاس طاقت و قوت ہوتی تو ہماری مائیں، بہنیں اور بچیاں یوں ظلم و ستم کا شکار نہیں ہورہے ہوتے ہم بتاتے کہ غیرت مسلم کس کو کہتے ہیں اب بھی وقت ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے رابطہ کرکے فلسطین غزہ پر جاری دہشتگردی کو فورا رکوائیں اور پوری دنیا کو یہ باور کروائیں کہ نہتے، مظلوم اور محصور فلسطینیوں کے ساتھ پوری دنیا کے مسلمان کھڑے ہیں،پاکستان، سمیت دیگر اسلامی ممالک محصور فلسطینیوں کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خوراک اور ادویات کی فراہمی کا بندوبست کریں، فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد نے ایک بار پھر امت مسلمہ میں جذبہ جہاد کو تازہ اوربیت المقدس و مسجد اقصی کی آزادی کیلئے نئی روح پھونک دی ہے، اسرائیل کا ناپاک اور ناجائز وجود کسی صورت منظور نہیں،بیت المقدس اور مسجد اقصی کی آزادی جہاد کے بغیر ممکن نہیں، جہاد کی برکت سے ان شا اللہ بہت جلد بیت المقدس آزاد ہوگا،پوری دنیا کے مسلمان آزاد فلسطینی ریاست کے حامی ہیں، تمام اسلامی ممالک یک زبان ہوکر مظلوم فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کریں، پاکستان سمیت پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، عالم اسلام امن کے لئے کردار ادا کرے اور کائنات کا بدترین دہشت گرد ملک اسرائیل کو قرار دیا جائے،تمام ممالک مل کر اسرائیل کو متفقہ طور پر سب سے بڑا دنیا کے امن کے لئے خطرہ، وحشی جانور اور دہشت گرد قرار دیں۔