دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیرِاعظم

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی عظیم قربانیاں پوری قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی؛ شہباز شریف کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 23 مارچ 2025 18:55

دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیرِاعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2025ء ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نوشکی میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی اور واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین و کاروائی کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی عظیم قربانیاں پوری قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، مجھ سمیت پوری قوم پاکستان کی دہشتگردوں سے حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں اپنی بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گرد بلوچستان کی ترقی و امن کے دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے غلام خان کلے، شمالی وزیرِستان میں فتنہ الخوارج کی افغانستان سے پاکستان در اندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی تعریف کی ہے جس میں 16 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا، وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں وزیرِ اعظم نے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کرنے والے تمام 16 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔