یوم پاکستان سے ہمیں قومی یکجہتی کادرس ملتا ہے‘ڈاکٹرراغب حسین نعیمی

ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کیلئے تمام طبقات کوکردار ادا کرناہوگا‘چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مارچ ہمیں قیام پاکستان کے سنہری اغراض و مقاصد کی یاد دہانی کراتا ہے‘علما ء سے گفتگو

اتوار 23 مارچ 2025 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ یوم پاکستان سے ہمیں قومی یکجہتی کادرس ملتا ہے۔ ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کیلئے تمام طبقات کو کردار ادا کرناہوگا۔ پاکستان ہم سب کے لئے اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمت ہے۔23مارچ ہمیں قیام پاکستان کے سنہری اغراض و مقاصد کی یاد دہانی کراتا ہے۔

23 مارچ ہمیں اتحاد، قربانی اور عزم کی تجدید کا درس دیتا ہے، یوم پاکستان پر سب کو قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا عہد کرنا چاہیے اور باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے مفادات کو مقدم رکھ کر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔برصغیر کے مسلمانوں کی طویل اور بہادرانہ جدوجہد اور قربانیوں کو اجاگر جس کے نتیجے میں پاکستان کو آزادی نصیب ہوئی۔

(جاری ہے)

علما سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے، بلوچستان کے حالات دور اندیشی پر مبنی اقدامات کے متقاضی ہیں۔معاشی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کو ایک مستحکم اور خوشحال ملک بنانے کے لیے معاشرے میں اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ 23مارچ کا اہم اور یادگار دن تحریک پاکستان میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس روز قرارداد پاکستان منظور کی گئی۔

قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں آزاد پاکستان حاصل کیا گیا۔ یوم پاکستان مناتے وقت پوری قوم کی طرف سے تعمیر پاکستان کے عزم کی تجدید کرکے آپس کے اختلافات کو بھلا کرملکی ترقی اور خوشحالی کی جانب تیزی سے آگے بڑھنا اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔