یوم پاکستان ہمیں تجدید عہد وفا اور ملک کی سلامتی ،ترقی وخوشحالی کیلئے یکجا ہونے کا درس دیتا ہے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

اکابرین پاکستان کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ ہم آزاد خود مختا ر پاکستان میں سانس لے رہے ہیں اس پر ہم جتنا اللہ کا شکر بجا لائیں کم ہے،شاداب رضا نقشبندی

پیر 24 مارچ 2025 01:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2025ء)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ اتحاد ویکجہتی کی طاقت سے پاکستان بنایا اور انشا اللہ اسی طاقت سے ملک دشمنوں کو نکیل ڈالیں گے ،یوم پاکستان ہمیں تجدید عہد وفا اور ملک کی سلامتی ،ترقی وخوشحالی کیلئے یکجا ہونے کا درس دیتا ہے ،قرار داد پاکستان نے انگریزوں اسلام دشمنوں سے نجات اور لاالہ الااللہ کی بنیاد پر پاکستان کی بنیاد رکھی ،دوقومی نظریہ پاکستان کی اساس ہے دو قومی نظریہ کے مخالفین پاکستان کی نظریاتی سرحد پر حملہ کررہے ہیں جنہیں تعلیم وشعور اور تاریخ کے حقائق سے ختم کرنا ہوگا ،پاکستان کے قیام کا مقصد ایک خطہ زمین حاصل کرکے یہاں ریاست مدینہ طرز نظام چلانا تھا ،ہماری بد قسمتی کہ77سال سے زائد گذر گئے ہم قیام پاکستان کے مقاصد حاصل نہ کرسکے ،ہم پاکستان کو ریاست مدینہ کی عملی تصویر بنانے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں ،پاکستان اللہ تعالی کی عظیم نعمت اور اولیا اللہ کا فیضان ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع اکابرین پاکستان اور ملک کی سلامتی کیلئے شہیدہونیوالوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا ، شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پاکستان ہمارے لئے ایک عظیم نعمت ہے اور بحیثیت قو م ہمیں ہر قربانی کیلئے تیار رہنا چاہیے ، ملک دشمن دہشتگردی اور انتہاپسندی کو فروغ اور معیشت کو کمزور کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں ،ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ ایک قوم بن کرہی کیا جاسکتا ہے ،تفرقے اور نفرتوں کو جنم دیکر مسلمان کو مسلمان سے قتل کرایا جارہا ہے ،مستحکم پاکستان خطے ہی میں نہیں دنیا کیلئے امن کی ضمانت ہے ،آئین کی بالادستی کو یقینی بنائے بغیر ترقی کی جانب گامزن نہیں ہوسکتے ،اسلام وملک دشمن قوتیں بار بار ملک کے آئین پر حملہ آور ہونے کی سازش کرتی ہیں جسے سمجھنا ہوگا ،23مارچ 1940کو قرار داد پاکستان منظورر ہوئی تو اسی دن1956میں پہلا آئین منظور ہوا ،قومی ترقی وخوشحالی کا راز آئین وقانون کی بالادستی میں پوشیدہ ہوتا ہے ،آج یوم پاکستان کے عظیم دن کے موقع پر ہم شہدائے پاکستان کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،اکابرین پاکستان کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ ہم آزاد خود مختا ر پاکستان میں سانس لے رہے ہیں اس پر ہم جتنا اللہ کا شکر بجا لائیں کم ہے ،پاکستان امن وسلامتی کی پہچان ہے اور اس پہچان کو برقرار رکھتے ہوئے امن کے دشمنوں اور فسادیوں کے خلاف حالت جنگ میں ہیں ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ریاستی اداروں کے ساتھ پوری قوم متحد اور دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لے گی ، سازش کے تحت نسل نو کو یہودی کلچر متعارف کروایا جا رہا ہے ،ہمیں اپنے اسلامی اورقومی ثقافتی کلچر کو فروغ دیا ہوگا ،نیو جنریشن کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے آگے بڑھا جاسکتا ہے ،انہوں کہا ہے کہ پاک فوج کی امن کے قیام دہشتگردی کے خاتمے اور ملک کی سلامتی کیلئے قربانیاں ہمارے لئے قابل فخر ہے ،وطن عزیز کی سلامتی کیلئے انشا اللہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوکر ملک کا دفاع کرینگے ۔