Live Updates

عدالت نے 7 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی

اے ٹی سی اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 24 مارچ 2025 12:54

عدالت نے 7 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 مارچ 2025)انسداد دہشت گردی عدالت نے 7 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی، اے ٹی سی اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی،عدالت نے 7 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کر دی۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے عدالت میں انصر کیانی ایڈوکیٹ اور شمسہ کیانی ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور کیس میں شامل تفتیش ہونے کیلئے بھی درخواست دائر کی گئی۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج کیسز میں متعدد پی ٹی آئی رہنماوں کی ضمانتوں میں 5 مئی تک توسیع کر دی۔

(جاری ہے)

جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنماوں کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل، عالیہ حمزہ اور کنول شوزب کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی، شیر افضل مروت، عبدالقیوم نیازی، روف حسن، مشعال یوسفزئی، نادیہ خٹک، فلک ناز چترالی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے شعیب شاہین، علی بخاری، عمیر نیازی، تیمور جھگڑا، علی زمان، عبدالطیف و دیگر کی ضمانتوں میں توسیع کر دی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ضمانت کی جتنی درخواستیں آچکی ہیں سب کو اکٹھا سنا جائے گا۔بعدازاں عدالت نے تمام پی ٹی آئی رہنماو¿ں کی ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 5 مئی تک ملتوی کر دی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کیخلاف تھانہ رمنا، سیکرٹریٹ، ترنول اور کوہسار میں 26 نومبر احتجاج پر مقدمات درج ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسلام آباد کی انسداد دہشتگرد ی عدالت نے 26نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں5مئی تک توسیع کر دی تھی۔

اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے بشریٰ بی بی کیخلاف 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ کی سماعت کی تھی۔بشریٰ بی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ شمسہ کیانی اور انصر کیانی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور کیس میں شامل تفتیش ہونے کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی جس پر جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ آج تفتیشی کو ڈائریکشن کروں گا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں شامل تفتیش کریں۔بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کے احکامات جاری کردیئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات