Live Updates

ایران اور ترکیہ کا غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کو روکنے کی کوششوں پر زور

منگل 25 مارچ 2025 10:30

تہران ، انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) ایران اور ترکیہ نے غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کو روکنے کی کوششوں پر زور دیا ہے ۔شنہوا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ان کے ترک ہم منصب ہاکان فیدان نے غزہ اور لبنان کے خلاف اسرائیل کے نئے حملوں کو روکنے کے لئےمسلم ریاستوں سے مزید کوششوں پر زور دیا ۔ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ایک ٹیلی فونک بات چیت کے دوران دونوں رہنمائوں نے مغربی ایشیا کی تازہ ترین پیشرفت بالخصوص فلسطین کی صورتحال، غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کی بحالی، یمن پر امریکی فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ دلچسپی کے دیگر بین الاقوامی امور بارے تبادلہ خیال کیا۔

ایرا نی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نےاسرائیل کے غزہ اور لبنان کے خلاف جرائم اور جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری بالخصوص مسلم اور علاقائی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جرائم کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے یمن کے خلاف امریکی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے علاقائی ممالک کے درمیان مزید تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ مسلم ریاستوں کے خلاف جارحیت اور مغربی ایشیا کے خطے میں عدم تحفظ اور عدم استحکام میں اضافہ کو روکا جا سکے۔ترک ہم منصب نے بھی فلسطینی عوام کی صورت حال پر مسلم ریاستوں کی زیادہ توجہ کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے سفارتی حل تلاش کرنے کے لئے اپنے ملک کے عزم کا اظہار کیا۔ ■

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات