ؔتحریک پاکستان کے سرگرم کارکن و سابق وائس چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان ڈاکٹر رفیق احمد کی پانچویں برسی

منگل 25 مارچ 2025 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2025ء) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن ‘ سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی و سابق وائس چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان ڈاکٹر رفیق احمد کی پانچویں برسی کے موقع پر ادارہٴ نظریہٴ پاکستان و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران وکارکنان نے سیکرٹری ناہید عمران گل کی قیادت میں ان کی قبر پر حاضری دی‘ پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناہید عمران گل نے کہا ڈاکٹر رفیق احمدکو یہ اعزاز حاصل تھا کہ وہ 23 مارچ 1940ء کو لاہور میں اس تاریخ ساز اجلاس میں میں شریک تھے جہاں قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی۔ آپ نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے تحریک پاکستان میں سرگرم کردار ادا کیا، آپ کو پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے مجاہدِ پاکستان کا سرٹیفکیٹ دیا تھا۔اس ادارہ کو پروان چڑھانے میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے‘ انہوں نے نظریہٴ پاکستان کی ترویج واشاعت کیلئے دن رات کام کیا ۔ ہم ان اکابرین کے مشن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے ۔