روس اور یوکرین نے بحیرہ اسود میں لڑائی ختم کرنے کا عہد کیا ،سہولت کاری پر سعودی ولی عہد کے مشکور ہیں،امریکا

بدھ 26 مارچ 2025 09:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) امریکا نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین نے بحیرہ اسود میں لڑائی ختم کرنے کا عہد کیا ہے،مذاکرات میں سہولت کاری پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشکور ہیں۔ العربیہ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ روس اور یوکرین نے بحیرہ اسود میں لڑائی ختم کرنے کا عہد جبکہ یوکرین نے بحیرہ اسود میں حملے بند کرنےکا وعدہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی مذاکرات میں یوکرینی وفد کے سربراہ یوکرین کے وزیر دفاع رستم عمروف نے زور دیا کہ بحیرہ اسود میں نیوی گیشن کی حفاظت کو یقینی بنانے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات پر حملوں پر مکمل پابندی کے نفاذ کے لیے امریکا کے ساتھ معاہدے طے پا گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام فریقوں نے نیوی گیشن کی حفاظت کو یقینی بنانے، طاقت کے استعمال کو روکنے اور بحیرہ اسود میں فوجی مقاصد کے لیے تجارتی جہازوں کے استعمال پر پابندی لگانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں پر مکمل پابندی کے صدور کے معاہدوں پر عمل درآمد کرنے پر اتفاق کیا۔

وائٹ ہائوس نے یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا۔