ملک میں خاطر خواہ چینی موجود ہے،شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قلت کے تاثر کو مسترد کردیا

کریانہ مرچنٹس اورسٹہ مافیاافواہیں پھیلا کر قیمتیں بڑھارہے ہیں، چینی کی قیمتیں حکومت کی مقرر کردہ حد پر آگئی ہیں ، چینی کی ایکسپورٹ سے قیمتوں میں اضافے کی خبریں من گھڑت اوربے بنیاد ہیں، ترجمان شوگر ملز ایسوسی ایشن

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 26 مارچ 2025 11:42

ملک میں خاطر خواہ چینی موجود ہے،شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قلت ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 مارچ 2025)ملک میں خاطر خواہ چینی موجود ہے،شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قلت کے تاثر کو مستردکردیا،کریانہ مرچنٹس اورسٹہ مافیا افواہیں پھیلاکر قیمتیں بڑھارہے ہیں، چینی کی قیمتیں حکومت کی مقرر کردہ حد پر آگئی ہیں اور چینی کی ایکسپورٹ سے قیمتوں میں اضافے کی خبریں من گھڑت اوربے بنیاد ہیں،ترجمان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ شوگرملز ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا جس میںملک بھر میں چینی کی قلت کے تاثر کویکسرمستردکردیا گیا۔

اجلاس میں بتایاگیا ملک میں خاطر خواہ چینی کا سٹاک موجود ہے۔صارفین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ملک میں چینی کا خاطر خواہ اسٹاک موجودہے۔شوگر ملزایسوسی ایشن کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 80 فیصد چینی صنعتی اورکمرشل سیکٹر جب کہ 20 فیصدگھریلو صارفین استعمال کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت دونوں سیکٹرز کیلئے قیمتوں کے تعین کا الگ طریقہ کار اپنائے۔

کریانہ مرچنٹس اور سٹہ مافیا افواہیں پھیلاکر قیمتیں بڑھارہے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے چینی 180 روپے فی کلو میں فروخت ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیاتھا۔وفاقی وزیر کاکہناتھاکہ میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کا مقصد عوام میں بے یقینی پیدا کرنا تھا اور یہ تمام بیانات پروپیگنڈا کی شکل اختیار کر چکے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو ہے اور وزیراعظم نے چینی کی قیمت کے تعین کیلئے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا تھا۔حکومت نے چینی کی قیمتوں پر ایکشن لیا تھاجس سے چینی پانچ روپے فی کلو سستی ہوئی۔ حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا جائزہ لے رہی تھی اور یہ یقین دلایاتھا کہ چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے یہ بھی کہاتھا کہ چینی کی قیمت میں مسئلہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کی وجہ سے ہے، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ملک میں وافر مقدار میں چینی موجود ہے، کسی کو قیمت نہیں بڑھانے دیں گے۔