پنجاب کے تعلیمی اداروں میں عید الفطر کیلئے طویل تعطیلات کا اعلان

صوبے میں تعلیمی ادارے عید کی چھٹیوں کیلئے 28 مارچ سے بند ہوں گے؛ وزیرتعلیم

Sajid Ali ساجد علی بدھ 26 مارچ 2025 14:16

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں عید الفطر کیلئے طویل تعطیلات کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2025ء ) صوبہ پنجاب میں عید الفطر کے لیے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ جیو نیوز کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ ’تعلیمی ادارے عید کی تعطیلات کیلئے 28 مارچ سے بند ہوں گے‘، اسی حوالے سے سیکرٹری سکولز آف پنجاب خالد وٹو نے بتایا کہ ’عید کی چھٹیوں کے لیے صوبے کے سرکاری سکول 28 مارچ سے 6 اپریل تک بند رہیں گے، سرکاری سکولوں میں4 اپریل کو سالانہ نتائج کا اعلان کیا جائے گا جب کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد 7 اپریل سے نئے تعلیمی سال کا آغاز کیا جائے گا۔

دوسری طرف صوبہ سندھ میں ملازمین کو عیدالفطر کی تعطیلات کے ساتھ ایک دن کی مزید چھٹی مل گئی، پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے سابق وزیر اعظم اور صوبے کی حکمران جماعت کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر 4 اپریل کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے صوبائی حکومت نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا، جس کے تحت صوبہ سندھ کے تمام سرکاری دفاتر، خود مختار ادارے اور تعلیمی ادارے 4 اپریل کو بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے ملک بھر کی طرح صوبے میں عید الفطر کی تعطیلات کا بھی اعلان کردیا ہے، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ عید الفطر پر تین تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے جو پیر 31 مارچ سے بدھ 2 اپریل تک ہوں گی، اس دوران تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے، اس سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے بھی عید الفطر پر 3 تعطیلات کا اعلان کیا جاچکا ہے۔