وزیراعظم کی خواہش پر ایک ہزار طلبا اور ماہرین زراعت کو چین بھیجیں گے، وزیرخزانہ

مستقبل کیلئے چینی امداد کے بجائے سرمایہ کاری اور تکنیکی مدد ضروری ہے، محمد اور نگزیب

بدھ 26 مارچ 2025 23:29

وزیراعظم کی خواہش پر ایک ہزار طلبا اور ماہرین زراعت کو چین بھیجیں گے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خواہش پر ایک ہزار طلبا اور ماہرین زراعت کو چین بھیجیں گے، مستقبل کیلئے چینی امداد کے بجائے سرمایہ کاری اور تکنیکی مدد ضروری ہے۔وزیرخزانہ نے ان خیالات کا اظہار بوآؤ ایشیائی فورم کے موقع پر چینی میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین میں قائم دیرپا اور پائیدار طویل مدتی تعلقات دنیا کیلئے مثال ہیں۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت کے طور پر چین سے بہت کچھ سیکھنا ہوگا، زرعی شعبے کی بحالی اور ترقی کیلئے بھرپور توجہ مرکوز ہے۔ انھوں نے کہا کہ انفرااسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے اپنے انٹرویو میں دنیا کی دوسری بڑی معیشت کے طور پر چین سے بہت کچھ سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت پاکستان میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری اور اس حوالے سے پاکستان کو چین سے ملنے والی تیکنیکی اور مالی امداد کا ذکر کیا۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے انٹرویو کے دوران پاکستان کے زرعی شعبے کی بحالی اور اسے ترقی کا حقیقی انجن بنانے کی کوششوں کا ذکر کیا۔وزیر خزانہ نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے گذشتہ موسم گرما میں دورہ چین کے دوران شیانگ صوبے کی زرعی جامعات اور عمودی زراعت کے مشاہدہ کا تذکرہ کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی خواہش پر چینی ماہرین کے ہاتھوں تربیت اور مہارت اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے لیے پاکستان سے عنقریب ایک ہزار طلبا اور ماہرین زراعت چین بھیجے جائیں گے۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان اور چین کے درمیان قائم دیرپا اور پائیدار طویل مدتی تعلقات اور چین کی جانب سے پاکستان کو ملنے والی امداد کا تذکرہ کیاوزیر خزانہ نے مستقبل کے لیے چینی امداد کی بجائے چینی سرمایہ کاری اور چین سے تیکنیکی مدد کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس حوالے سے زراعت، اے آئی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کا ذکر کیا جہاں چین کی سرمایہ کاری اور تیکنیکی امداد کی بڑی گنجائش موجود ہے۔وزیر خزانہ نے چین کی جانب سے گرین منصوبوں اور ماحولیاتی استحکام کے شعبوں میں نمایاں پیش قدمی کو دنیا کے مشعل راہ قرار دیاوزیر خزانہ نے ان شعبوں میں چین کے تجربات سے مستفید ہونے کی خواہش کا اظاہر کیا۔وزیر خزانہ کے سی جی ٹی این (چائنا گلوبل ٹیلی ویڑن نیٹ ورک) اردو کے ساتھ انٹرویو کا منتخب حصہ بمعہ ڈاؤن لوڈ لنک ذیل میں پیش ہے۔