خاتون قتل کی رنجش۔ دوسگے بھائیوں کو گولیاں مار کرہلاک کر دیا گیا

حمام کے دوکاندار کا قتل ۔5 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج۔ تین گرفتار

بدھ 26 مارچ 2025 23:33

خاتون قتل کی رنجش۔ دوسگے بھائیوں کو گولیاں مار کرہلاک کر دیا گیا
ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2025ء)نواحی چک 57بارہ ایل میں قتل کی رنجش پر دو سگے بھائیوں محمدارشد اور محمداختر کو گولیاں مار کرقتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسی چک کے بشارت کی رشتہ دار خاتون کو 2022میں زمین کے تنازعہ پر قتل کردیاگیا۔ جس کے بعدمحمداختراور بشارت کے درمیان مقدمہ بازی شدت اختیارکرگئی۔ بشارت اور ارشد علی وغیرہ نے دونوں بھائیوں کوٹھکانے لگانے کا منصوبہ بنایا اور آج دونوں بھائیوں کو اکھٹے پاکر بشارت اور ارشد علی وغیرہ نے آتشی اسلحہ سے محمداختر اور محمدارشدپر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس سے محمداختر موقع پر دم توڑ گیا جب کے محمدارشد نے ہسپتال جاتے ہوئے راستہ میں دم توڑدیااورملزم دندناتے ہوئے فرارہوگئے۔

پولیس اوکانوالہ بنگلہ نے موقع پر پہنچ کر دونوںبھائیوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزم بشارت کو گرفتارکرلیا۔ چک 93چھ آر میں نویداحمددوکاندار حمام کے قتل کے الزام میں پولیس فرید ٹائون نے 5ملزموں محمدسانول ، محمدسجاول ، محمدسخاول ، محمدعامر اور محمدوہاب بھٹی کے خلاف مقدمہ 148, 302اور149ت پ درج کرکے تین ملزموں کو گرفتارکرلیا ہے۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 25مارچ کو ساڑھے دس بجے دن نویداحمد اور محمدوسیم ڈاک خانہ چوک میں موجود تھے کہ ملزما ن آگئے اورزبردستی کھینچ کر نویداحمد اور محمدعثمان کو چوک میں لے آئے اور آہنی راڈ اور خنجروں سے نوید احمد کو قتل کردیااور محمدعثمان کو شدیدزخمی کرکے فرارہوگئے۔۔ وجہ تنازعہ مکا ن کا کرایہ ملزم محمدسانول نے تین ماہ کانہ دیا تھا اور 500روپے بجلی بل کی رقم لینے کے لیے نوید احمد گیا تو ملزموں نے برامنایاتھا۔