امریکا نے پاکستان سمیت مختلف ممالک کی 80کمپنیوں کو برآمدات کی بلیک لسٹ میں شامل کردیا

بدھ 26 مارچ 2025 20:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء) امریکا نے پاکستان سمیت مختلف ممالک کی 80 کمپنیوں کو برآمدات کی بلیک لسٹ میں شامل کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جن ممالک کی کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں پاکستان، چین، ایران، متحدہ عرب امارات اورجنوبی افریقا شامل ہیں جبکہ بلیک لسٹ میں شامل کمپنیوں میں 50سے زائد چینی کمپنیاں ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی پابندی کی زد میں آنے والی کمپنیوں میں 19 پاکستانی کمپنیاں بھی شامل ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات اور ایران کی 4، 4 کمپنیوں پربھی پابندی عائد کی گئی ہے۔پابندی کا شکار کمپنیوں میں چین کی معروف کلاڈ کمپیوٹنگ اور بگ ڈیٹا سروس فراہم کرنے والی کمپنی انسپرگروپ کی 6 ذیلی کمپنیاں بھی شامل ہیں، انسپرگروپ کی کمپنیوں کے علاوہ بھی دیگر چینی اداروں کو برآمداتی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ تجارت نے کہا ہے کہ انسپر گروپ کی یہ کمپنیاں چینی فوج کے لیے سپر کمپیوٹرز کی تیاری میں معاونت فراہم کر رہی تھیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق انسپرگروپ کو پہلے ہی 2023ء میں اس فہرست میں شامل کیا جاچکا ہے، پابندیوں کا مقصد چین کی ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ، کوانٹم ٹیکنالوجیز، جدید مصنوعی ذہانت اور ہائپرسونک ہتھیاروں کے پروگرام کی ترقی کو روکنا ہے۔

امریکی وزیر تجارت نے کہاکہ حریف ممالک کو امریکی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرکے فوجی طاقت بڑھانے اور امریکی شہریوں کوخطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔امریکا میں چینی سفارتخانے نے امریکی اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا فوجی امورکوبہانہ بناکر تجارت اور ٹیکنالوجی کے معاملات کو سیاسی رنگ دینے اور انہیں بطور ہتھیار استعمال کرنے سے باز رہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا ایران کے ڈرونز اور دیگر دفاعی سامان کے حصول کو روکنے اور ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور غیر محفوظ جوہری سرگرمیوں کی ترقی کو محدود کرنے کیلئے بھی اقدامات کر رہا ہے۔