مقبوضہ جموںوکشمیر : جلیل اندرابی ، دیگر کو زبردست خراج عقیدت پیش

مودی حکومت نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، ترجمان حریت کانفرنس

جمعرات 27 مارچ 2025 13:22

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایڈوکیٹ جلیل اندرابی شہید، شہید اشفاق مجید وانی، شہید ڈاکٹر عبدالاحد گورو اور شہید شبیر صدیقی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کو ان کے 29ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی35 راشٹریہ رائفلز کے میجر اوتار سنگھ نے انہیں 8مارچ 1996کو گرفتار کیا تھا اور تین ہفتے بعد ان کی لاش دریائے جہلم سے برآمد ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی وحشیانہ مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے شہداء کے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے ڈاکٹر عبدالاحد گورو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک معروف ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کے ایک بڑے ہمدرد اور حمایتی تھے اور انہوںنے بھی بالآخر ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جان قربان کی۔

انہوں نے کہا کہ شبیر صدیقی کا تعلق ایک مذہبی گھرانے سے تھا اور انہیں بھی کشمیر کی جدوجہد آزادی میں ان کے شاندار کردار کے باعث ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سری نگر میں بار ارکان نے جلیل اندرابی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی جان قربان کی ۔ انہوں نے کہا کہ جلیل اندرابی اور دیگر شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔دریں اثناء حریت کانفرنس کے بیان میں گھروں پر چھاپوں اور خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کرنے کو بدترین سفاکیت اور ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔