ڈیرہ اسماعیل خان ،عیدالفطر کے پر امن انعقاد کے حوالے سے کمشنر کی صدارت میں کمشنر دفتر میں اہم اجلاس کا انعقاد

جمعرات 27 مارچ 2025 15:58

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) عیدالفطر کے پر امن انعقاد کے حوالے سے کمشنرڈیرہ اسماعیل خانظفر الاسلام خٹک کی صدارت میں کمشنر دفتر میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا ، اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر سید اشفاق انور کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سارہ رحمن سمیت ٹانک ، جنوبی وزیرستان اپر ،جنوبی وزیرستان لوئر کے ڈپٹی کمشنرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر عوام کی جان و مال کی حفاظت کے حوالے سے سیکورٹی پلان مرتب کرلیاہے، جس پر عمل کیا جائےگا، ڈویژنل انتظامیہ تمام ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں عیدگاہوں ، امام بارگاہوں سمیت شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنائے گی ، ٹریفک کے نظام کے حوالے سے بھی ٹریفک پلان کو حتمی شکل دی جا چکی ہے جس کا مقصد ٹریفک کے نظام میں بہتری ہے۔

(جاری ہے)

کمشنرڈیرہ اسماعیل خان نے کہاکہ بغیر این او سی کے کشتی رانی پر دفعہ 144نافذ کی گئی ہے، اسی طرح ڈپٹی کمشنر ز کو کہا گیا ہے کہ وہ عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کےلئے عوامی پارکس کے این ای سی کو یقینی بنانے اور پارکوں میں نصب جھولوں کی فٹنس سرٹیفکیٹ کو بھی چیک کریں ، انہوں کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال یا کسی بھی حادثہ کی صورت میں ریسکیو1122کے اہلکار 24گھنٹے مختلف شفٹوں کی صورت میں اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینگے جبکہ سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز ایمرجنسی ڈیوٹیاں سرانجام دینگے اسی طرح چاند رات اور عید کے ایام میں ہوائی فائرنگ پر دفعہ 144کا نفاذ کر دیا گیا، ڈویژن بھر میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کےخلاف سخت کاروائی کی عمل لائی جائے گی ۔\378