مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں کی رہائشگاہوں پر مسلسل چھاپوں کا سلسلہ جاری،جلیل اندرابی اوردیگر شہداء کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

جمعرات 27 مارچ 2025 18:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے آج مسلسل پانچویں روزبھی حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائشگاہوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسزکے اہلکاروں نے سرینگر، بارہمولہ، گاندربل، شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد، بڈگام، بانڈی پورہ، کپواڑہ اور کولگام اضلاع میں متعدد مقامات پربڑے پیمانے میں آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔

فوجیوں نے پوچھ گچھ کے نام پر کئی کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا۔یہ کارروائی براہ راست طورپر لیفٹیننٹ گورنر منہاج سنہا کی زیر نگرانی جاری ہے ۔ ایک اورپیش رفت میں، ضلع کٹھوعہ میں جاری فوجی آپریشن کے دوران ایک حملے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت چار بھارتی فورسز کے اہلکار زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

یہ حملہ ضلع کے علاقے جوتھانہ میں جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوان کیاگیا ۔

ڈی ایس کی شناخت دھیرج کٹوچ کے نام سے ہوئی ہے۔ تمام زخمی اہلکاروں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اتوار کو شروع ہونیوالی کارروائی آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی ۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایڈوکیٹ جلیل اندرابی، اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبدالاحد گورو اور شبیر صدیقی سمیت ممتاز کشمیری شہداکو انکے یوم شہادت پر شاندخراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

حریت ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کے معروف کارکن جلیل اندرابی جیسے شہداء کی قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مرکز نگاہ بنادیاہے ۔جلیل اندرابی کو بھارتی فوجیوں نے 8مارچ 1996کو اغوا کیا تھا جس کے کئی ہفتوں بعد ان کی لاش 27مارچ کو دریائے جہلم سے ملی تھی۔ حریت ترجمان نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ سرینگر میں وکلا برادری نے بھی جلیل اندرابی اور دیگر شہدا کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے۔