روسی سفیر نے پاکستانی عوام کیلئی30,000کلوگرام انسانی امداد این ڈی ایم اے کے حوالے کر دی

جمعرات 27 مارچ 2025 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2025ء)اسلام آباد ہوائی اڈے پر ایک تقریب کے دوران روسی سفیر نے این ڈی ایم اے کے ذریعے پاکستانی عوام کیلئے 30,000کلوگرام انسانی امداد حوالے کردی۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق روسی حکومت کے ایک خصوصی طیارے نے یہ امداد ماسکو سے پاکستان منتقل کی۔ تقریب میں وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔

(جاری ہے)

روس فیڈریشن کے سفیر البرٹ کھوروف نے اپنے مختصر خطاب میں پاکستان اور روس کے درمیان مضبوط دوستی پر زور دیا۔انہوں نے 2005کے دو زلزلوں اور 2022کے سیلاب کے بعد روس کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی گئی انسانی امداد کو یاد کیا اور کہا کہ یہ تازہ ترین امدادی سامان پاکستان میں ریلیف کوششوں میں معاونت کیلئے بھیجا گیا ہے۔ یورپ کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر شفقت علی خان نے روسی حکومت اور عوام کا دلی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ امداد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی اور یکجہتی کی علامت ہے۔ این ڈی ایم اے نے یہ امداد تقسیم کرنے کیلئے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو منتقل کر دی ہے۔