ملک بھر میں رمضان المبارک کی 27ویں شب لاکھوں افراد نے شب قدر کے فضائل وبرکات سمیٹنے کیلئے عبادات کیں، ملک کی ترقی ،خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں

جمعہ 28 مارچ 2025 01:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) ملک بھر میں رمضان المبارک کی 27ویں شب میں لاکھوں افراد شب قدر کے فضائل وبرکات سمیٹنے کیلئے عبادات کیں اور ملکی ترقی خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں ،جمعرات کو ملک کے طول وعرض میں نماز تراویح کے روپرور اجتماعات اور محفل شبینہ کا اہتمام کیا گیا ۔ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں محفل شبینہ جبکہ جڑواں شہر راولپنڈی اور مضافات میں بھی لیلتہ القدر کی برکات سمیٹنے کیلئے اجتماعات ہوئے لاہورکی شاہی مسجد میں محفل شبینہ کا انعقاد کیا گیا جبکہ داتا دربار میں بھی ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

کراچی کی مرکزی جامع مسجد عید گاہ میں خصوصی دعائوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ پشاور کی تاریخی مسجد مہابت خان میں شب قدر موقع پرملکی ترقی خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح کوئٹہ کی مرکزی جامع مسجد میں بھی دعائے پاکستان کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک میں امن وترقی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ آزاد کشمیر میں حضرت سائیں سخی سرکار کی مسجد میں ملکی ترقی کے لئے خصوصی دعائوں کا انعقاد کیا گیا۔

اس بابرکت شب کے موقع پر گھروں میں خواتین اور بچوں نے بھی خصوصی عبادات کااہتمام کیا ۔خصوصی عبادات میں دفاع وطن کے لئے کمربستہ جوانوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پاکستان کروڑوں مسلمانوں کی دعائوں اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ مساجد میں علماء اور خطیب حضرات نے پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور سلامتی کے لئے دعا ئیں کیں اورملک کو اندرونی و بیرونی دشمنوں، دہشت گردوں، انتہا پسندوں اور فتنہ پرور عناصر سے محفوظ رکھنے کےلئے دعا کی ، علماء اور خطیب حضرات نے مسلح افواج، سیکورٹی اداروں اور ان تمام افراد کی حفاظت کے لئے دعائیں کیں جو پاکستان کی سلامتی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

اس بابرکت موقع پر فلسطین اور کشمیر کی آزادی ،غزہ کے مظلوم عوام کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔