Live Updates

عمران خان کی واضح ہدایت ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو ساتھ لے کر چلنا ہے

مولانا کے ساتھ اتحاد کے راستے میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کرنی۔علی امین کے بیان سے اگر مولانا کی دل آزاری ہوئی ہے تو معاملہ حل کریں گے، علی امین کی بیان بازی ڈی آئی خان کا سیاسی پس منظر ہے،سلمان اکرم راجا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 مارچ 2025 23:50

عمران خان کی واضح ہدایت ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو ساتھ لے کر چلنا ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28 مارچ 2025ء ) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان کی واضح ہدایت ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو ساتھ لے کر چلنا ہے،مولانا کے ساتھ اتحاد کے راستے میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کرنی۔علی امین کے بیان سے اگر مولانا کی دل آزاری ہوئی ہے تو معاملہ حل کریں گے، علی امین کی بیان بازی ڈی آئی خان کا سیاسی پس منظر ہے۔

انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیان حلفی نہیں دیا گیا، لیکن عدالت میں ایک بات ہوئی تھی جس کی وضاحت ہوجائے گی، اہم بات یہ ہے کہ عدالت کے فیصلے کو نظر انداز کیا گیا، بانی سے ملاقات نہ ہونا یہ ایک توہین عدالت ہے، اب یہ معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پر ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر عملدرآمد کراسکتے ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

یا یہ ملک بالکل آئین قانون سے مبرا ہوگیا ہے، عدالت میں سپرنٹنڈنٹ جیل موجود تھے اور وکلاء بھی موجود تھے۔

حکومتی مشینری نے تسلیم کیا کہ منگل اور جمعرات کو بانی سے دو ملاقاتیں کرائی جائیں گی، میں نے دونوں ملاقاتوں کیلئے نام دیئے لیکن میرے دیئے گئے ناموں میں ترمیم کردی گئی،بانی کی بہنوں کی ان سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔ملک میں آئین قانون عدالتیں ناپید ہوجائیں گی اور ہم ایک جنگل بن جائیں گے۔کیا 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتوں کو اپنے وجود کا احساس دلانا ہوگا؟طالع آزماسمجھتے ہیں ان کے پاس طاقت ہے لیکن ان کے پاؤں سے زمین پھسل رہی ہے وہ سمجھ نہیں رہے، اس وقت پوری قوم میں غصہ ہے کہ قانونی نظام زمین بوس ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر نکلنا ہمارا آئینی ہے ، سڑکوں پر ضرور نکلیں گے ۔انسانی تاریخ سڑکوں پر ہی طے ہوئی ہے، آئین سازی سڑکوں پر نکلنے سے ہی ہوئی ہے۔اگر ہمیں سڑکوں پر نکلنا پڑتا ہے تو پھر ساری ذمہ داری انتظامیہ کی ہوگی، سڑ کوں پر نکلنا ہمارا آئینی حق ہے، عمران خان کا سڑکوں کو فوری گرم کرنے کی ٹویٹ غلط ہے۔جس طرح آئین قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں بالآخر ہمیں کرنا پڑے گا۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان کی واضح ہدایت ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو ساتھ لے کر چلنا ہے، اس کے راستے رکاوٹ کھڑی نہیں کرنی۔اگر مولانا کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں یقینا علی امین اور مولانا دونوں سے بات کروں گا، معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا، علی امین کی بیان بازی ڈی آئی خان کا سیاسی پس منظر ہے، لیکن سب ٹھیک ہوجائے گا۔پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں پارٹی کا ایک ہی لیڈر عمران خان ہے، پی ٹی آئی دہشتگردی کے خلاف ہے، موجودہ حکومت کے پاس معاملے کا حل نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات