Live Updates

آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کا بجٹ کیخلاف 25 جون کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کا اعلان

صوبائی بجٹ میں اساتذہ و ملازمین کا معاشی استحصال کیا گیا ہے، معاشی حقوق کے تحفظ کے متحد ہیں اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ خالد جاوید سنگھیڑہ، یاسین وڑائچ، فائزہ رعنا، رانا لیاقت، کاشف شہزاد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 18 جون 2025 21:45

آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کا بجٹ کیخلاف 25 جون کو پنجاب ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 18 جون 2025ء ) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کا ہنگامی اجلاس خالد جاوید سنگھیڑہ،  یاسین وڑائچ، فائزہ رعنا کی زیر صدارت لاہور میں منعقد ہوا جس میں لاہور سے رانا لیاقت، کاشف شہزاد چوہدری، زاہد رفیق چوہدری، مختار گجر، ندیم اشرفی، مرزا طارق، سید مدثر حسین،  اعجاز، محمد عنصر، رانا اسد، آزاد گجر،  راشد محمود ودیگر قائدین نے شرکت کی شرکاء اجلاس نے پنجاب حکومت کی ملازمین کش پالیسیوں کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا اور بجٹ میں 10 فیصد تنخواہوں، 5 فیصد پنشن میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے 25 جون کو مسجد شہداء سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا حکومت سے مطالبہ کیا کیا 24 جون تک حسب وعدہ لیو انکیشمنٹ بحال، پنشن وگریجویٹی میں کمی کے ظالمانہ نوٹیفکیشنز واپس ، رول 17-A کو بحال کیا جائے اور وفاقی بجٹ میں اعلان کردہ ڈسپییرٹی الاونس دینے کا اعلان کیا جائے وگرنہ پنجاب بھر کے ملازمین و اساتذہ 25 جون کو آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے زیراہتمام پنجاب اسمبلی کے سامنے بھر پور احتجاج کریں گے اور اپنے معاشی استحصال کے خلاف کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

مزید برآں صدر مرکزیہ پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب اللہ رکھا گجر نے بھی صوبائی بجٹ کو ملازمین دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت کم ازکم وفاق کی طرز پر تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کرے، جبکہ وفاق کی طرز پر ہی سرکاری ملازمین کو 30 فیصد اسپیشل ڈسپیرٹی الاؤنس دیا جائے۔ سرکاری ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ظالمانہ بجٹ کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

یاد رہے پنجاب کا آئندہ مالی سال 2025-26ء کا 5335 ارب کا ٹیکس فری بجٹ پیش کر دیا گیا، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا اور ریٹائر ملازمین کی پنشن میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا، جبکہ اسپیشل ڈسپیرٹی الاؤنس کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔ جس پر سرکاری ملازمین اور اساتذہ سراپا احتجاج ہیں۔ اس کے برعکس وفاقی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور ریٹائر ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کیلئے 30 فیصد اسپیشل ڈسپیرٹی الاؤنس کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ 
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات