Live Updates

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات اعزاز کی بات ہے، ان کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے

پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے، ایران پر حملوں سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا، نہیں چاہتے کہ جوہری ہتھیار ایران کے ہاتھ میں آئیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 19 جون 2025 00:37

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات اعزاز کی بات ہے، ان کا شکریہ کہ وہ جنگ ..
واشنگٹن ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 18 جون 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میرے لئے اعزاز کی بات ہے، فیلڈ مارشل کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے، پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے۔ پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے وائٹ ہاؤس واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کی خصوصی دعوت پر ملاقات کی، امریکی صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

ملاقات میں آئی ایس آئی چیف بھی شریک ہوئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ملاقات دوگھنٹے تک جاری رہی۔ تاریخی ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میرے لئے اعزاز کی بات ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے پر شکریہ کیلئے مدعو کیا تھا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کے عہدیداروں سے ایران کے معاملے پر بھی بات کی۔ پاکستان اور بھارت دونوں سے تجارتی معاہدے پر بات ہورہی ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران پر حملوں سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا، نہیں چاہتے کہ جوہری ہتھیار ایران کے ہاتھ میں آئیں۔ اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کی نیوکلیئر جنگ رکوائی، پاکستان ایک اہم ایٹمی طاقت ہے، میں اس کو پسند کرتا ہوں، پاکستان کے لوگ بھی بہت اچھے ہیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات