سکیورٹی خدشات ، کوئٹہ میں موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی معطل

موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس سکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے بند کی گئی ہے، ترجمان بلوچستان حکومت، انٹرنیٹ سروس جمعرات کی شام ناگزیر وجوہات کی بنا ء پربند کی گئی تھی، انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 29 مارچ 2025 11:50

سکیورٹی خدشات ، کوئٹہ میں موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی معطل
کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 مارچ 2025)کوئٹہ میں سیکورٹی خدشات کے باعث موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی معطل رہی ،موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس جمعرات کی شام ناگزیر وجوہات کی بنا ءپربند کی گئی تھی، ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس سکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے بند کی گئی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کوئٹہ کے شہری گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا کے مختلف ایپس کے ذریعے آن لائن رابطے کی سہولت سے محروم ہیں۔تاحال متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئٹہ میں موبائل سروس بحال ہونے کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں گئیں ہیں۔کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کرنے اور دہشتگردی کی بڑھتی ہوئی لہر کے باعث حکومت نے تین روز قبل کوئٹہ شہر میں موبائل ڈیٹا انٹرسروس معطل کر دی تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا تھا کہ ترجمان بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے غیر روایتی انداز میں نمٹیں گے۔جعفر ایکسپریس حملے میں بیرونی عناصر ملوث تھے۔ دہشتگردی میں ملوث افراد کا پیچھا کریں گے۔کوئٹہ میںصوبائی وزراءکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت نے صوبے میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھاکہ جعفر ایکسپریس ٹرین حملے میں مسافروں کو یر غمال بنا کر قتل کیا گیاتھا۔

بلوچستان میں بے گناہوں کو مارا جا رہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کون دہشتگرد ہے کون نہیں یہ فرق واضح کرنا ضروری تھا۔ بلوچستان اسمبلی مذاکرات کا سب سے بڑا فورم تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دورہ کوئٹہ کے دوران تمام لوگوں سے بات چیت کی دعوت دی تھی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا مزیدکہنا تھا کہ موبائل نیٹ ورک سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کیا گیاتھا۔

ہم نے ہمیشہ مذاکرات کی با ت کی ہے۔ مذاکرات کے حوالے سے پالیسی واضح کر چکے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ امن وامان کا ایک اجلاس ان کیمرا ہوا تھا۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار یہ اجلاس ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان کیمرہ اجلاس میں تمام اراکین ا سمبلی کو اعتماد میں لیا گیا۔ ہم سمجھتے ہیں مسائل بیڈ گورننس کی وجہ سے ہیں۔کوئٹہ میں ایک ہفتے سے دہشت گردی کا سنگین خطرہ تھا۔