وزیراعلی پنجاب کا چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی اور انتظامات یقینی بنانے کا حکم

بازاروں میں خواتین اور بچوں کا تحفظ ہرصورت یقینی بنایا جائے، چاند رات پر بازاروں میں ویمن پولیس سکواڈ کے گشت کو بڑھانے کی ہدایت، اے ٹی ایم اور بینکوں کے اطراف میں 225مقامات پر پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگا دی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 29 مارچ 2025 19:27

وزیراعلی پنجاب کا چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی اور انتظامات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ 2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات اورعیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم دیا ہے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے چاند رات پر صوبہ بھر کے تمام بڑے شہروں کے مرکزی بازاروں میں ویمن پولیس سکواڈ کے گشت کو بڑھانے کی ہدایت کی اور بازاروں میں خواتین اور بچوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر لاہور کے 65 تجارتی مراکز پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور بازاروں اور مارکیٹوں میں نگرانی کے لئے ڈرون کیمروں اور نائٹ ویژن دوربین کا استعمال شروع کردیا۔ چاند رات پر روڈز پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے 55 مقامات پر ناکہ بندی، پولیس تعینات کی جائے گی-اے ٹی ایم اور بینکوں کے اطراف میں 225 مقامات پر پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگا دی گئی، بازاروں اور مارکیٹوں میں سماج دشمن عناصر کی آمدورفت کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں عید پر عوام کو ریلیف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عید پرمقررہ سے زیادہ کرایہ وصول کرنے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے اور عید پرزائد کرائے وصول کرنے پر سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے، ڈپٹی کمشنرز کو زائد کرایوں کی وصولی روکنے کے لئے کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تمام بس سٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ تمام بس سٹینڈز پر صفائی ستھرائی کا حکم دیا- وزیراعلی مریم نواز نے بس سٹینڈز کی انتظار گاہوں پر بیٹھنے کے مناسب انتظام اور پنکھے کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا انہوں نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ اوردیگر متعلقہ حکام کو فیلڈ میں چیکنگ ڈیوٹی کی ہدایت کی ہے- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ عید کے موقع پر گھر کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہر بس سٹینڈز پر کرائے نامے نمایاں آویزاں کرکے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔