بلاول بھٹو زرداری کا تاجر سنجے کمار کے سوگواران سے افسوس کا اظہار

ہفتہ 29 مارچ 2025 23:20

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رائل روڈ العباس چوک پر سیٹھ دونی چند پہلومل بھاٹیہ ہندو دھرم شالہ میں تاجر سنجے کمار کے سوگواران سے افسوس کا اظہار کیا۔سنجے کمار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دڑی محلے میں زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مقتول تاجر سنجے کمار کے صاحبزادے آریان کمار، مقتول کی بیوہ، خوشدامن اور ہمشیرہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مقتول تاجر سنجے کمار کے قتل پر ہندو پنچائیت لاڑکانہ کے چیئرمین ہریش لال، وائس چیئرمین جے راج اور مکھی نول رائے سے بھی افسوس کا اظہار کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھرم شالہ میں شہر کی ہندو برادری کے معززین سے بھی ملاقات کی اور اظہار یکجہتی کی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ نثار کھوڑو، جمیل سومرو، سہیل انور سیال، نصیبہ چنا، خیر محمد شیخ، بلند جونیجو ودیگر نے بھی سوگواران سے افسوس کا اظہار کیا۔