منیجنگ ڈائریکٹر، ٹوارزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کا سینئر افسران کے ہمراہ ملکہ کوہسار مری کادورہ

اتوار 30 مارچ 2025 13:20

مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) منیجنگ ڈائریکٹر، ٹوارزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب، ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر افسران کے ہمراہ ملکہ کوہسار مری کادورہ کر کےضلعی انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں جنرل مینیجر آپریشنز، محکمہ سیاحت،ڈپٹی کمشنر مری،سٹیشن کمانڈر،ڈی پی او، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، چیف ٹریفک آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر، ڈویزنل فارسٹ آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈیزاسٹر مینیجمنٹ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ایم ڈی، ٹی ڈی سی پی نے اجلاس کے دوران پنجاب حکومت کی سیاحت کے شعبے میں ترجیحات اور نئے آنے والے منصوبوں جن میں نئی چئیر لفٹ، پیراگلائڈنگ کلب، ٹورسٹ ریزارٹ، ماحول دوست تفریحی پارک، ہاسپیٹیلٹی تعلیم کے ادارے و دیگر منصوبوں کی جلد تعمیر اور کوالٹی کو یقینی بنانے کا اعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مستقبل میں مری میراتھن و مائونٹین فیسٹیول کروانے پر بھی مشاورت کی گئی۔

دو روزہ دورہ میں ایم ڈی، ٹی ڈی سی پی نے پتریاٹہ و کوٹلی ستیاں میں جاری منصوبوں کا دورہ کیا اور سینئر وزیر سیاحت پنجاب، مریم اورنگزیب کی ہدایت کے مطابق ترقیاتی کاموں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کرنے کی ہدایت دیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلئ پنجاب کے ویزن کے مطابق مری و پتریاٹہ کے سیاحتی مقامات کو تمام تر غیر قانونی و ماحول دشمن تجاوزات سے پاک کر کے انھیں انکی اصلی حالت اور عالمی معیار کے مطابق بحال کئیے جانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

تفصیلی دورے کے دوران ایم ڈی صاحب نے چارہان ریسٹ ہائوس میں مینٹیننس اور سروس سٹینڈرڈ کو بہتر کرنے پر زور دیا۔ پتریاٹہ چئیرلفٹ و کیبل کار میں جاری ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے تاکید کی کہ اسے جلد مکمل کر کے جدید خطوط پر آپریشنل کیا جائے۔ پتریاٹہ ریزارٹ بیس اور ٹاپ سٹیشنز کے دورے کےدوران ہدایت کی کہ انھیں مکمل طور پر ریڈیزائن کیا جائے اور ماحول دوست ریزارٹ بنایا جائے۔

پتریاٹہ میں نئے بنائے گئے ٹورسٹ ہٹس کا افتتاح کیا اور مری کے تمام سیاحتی مقامات پر کی جانے والی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ کوٹلی ستیاں میں پرچن ہل پر لگائی جانے والی نئی چئیر لفٹ کی سائٹ، کوٹلی میں دھنوئی، ریسٹ ہاوس اور چیوڑہ ہل پر جاری ٹورسٹ ریزارٹ کا معائنہ بھی کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔