بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے آزادی پسند کشمیریوں کےخلاف پر تشددآپریشن کا سلسلہ جاری

اتوار 30 مارچ 2025 17:00

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے آزادی پسند کشمیریوں کےخلاف پر تشددآپریشن کا سلسلہ جاری ہے ۔ فورسزاہلکاروں نے تازہ ترین کارروائیوں کے دوران جماعت اسلامی اور دیگرآزادی پسند تنظیموں کے ارکان کو نشانہ بنایا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی اہلکاروں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں متعددمقامات پر جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے ۔

(جاری ہے)

یہ چھاپے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت مارے گئے۔ وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح کے چھاپے مارے گئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور گھروں پر بلاجواز چھاپوں کے ذریعے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے حریت کانفرنس کی سینئر قیادت سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کو انسانی حقوق کی سنگین پامالی قراردیتے ہوئے کہا کہ نظربندوںکو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے۔