مقبوضہ جموں وکشمیر، جماعت اسلامی، حریت کارکنوں کی رہائش گاہوں پر چھاپے، غیر قانونی نظربندیوں کی مذمت، اشفاق مجید وانی کو خراج عقیدت

اتوار 30 مارچ 2025 20:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کیطرف سے آزادی پسند کشمیریوں کےخلاف پر تشددآپریشن کا سلسلہ جاری ہے ۔ فورسزاہلکاروںنے تازہ ترین کارروائیوںکے دوران جماعت اسلامی اور دیگرآزادی پسند تنظیموں کے ارکان کو نشانہ بنایا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی اہلکاروں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں متعددمقامات پر جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے ۔

یہ چھاپے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت مارے گئے۔ وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح کے چھاپے مارے گئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور گھروں پر بلاجواز چھاپوں کے ذریعے علاقے میںخوف ودہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے حریت کانفرنس کی سینئر قیادت سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کو انسانی حقوق کی سنگین پامالی قراردیتے ہوئے کہا کہ نظربندوںکو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نظربندوںکی رہائی کے لیے بھارت پر دباﺅڈالے۔حریت کانفرنس کے ترجمان نے معروف آزادی پسند رہنما اشفاق مجید وانی کو آج ان کی شہادت کی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہداءکی عظیم قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں جسکی حفاظت ہر کشمیری کا فرض ہے۔

بھارتی فورسز نے اشفاق مجید وانی کو 1990میں آج ہی کے دن سرینگر میں شہید کیا تھا۔ضلع کٹھوعہ کے دورافتادہ جنگلاتی علاقے میں دو روز تک جاری رہنے والے تصادم کے دوران حملہ آورہلاک ہونے والے چار بھارتی پولیس اہلکاروں کے ہتھیار لے کرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔علاقے میں تصادم دو روز تک جاری رہا اور ایک روز قبل اختتام ہوا جس کے نتیجے میں چار بھارتی پولیس اہلکار مارے گئے۔

دریں اثنا انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اعلان کیا ہے کہ شوال کا چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالفطر کی باجماعت نمازکل صبح 10 بجے سری نگر کی تاریخی عیدگاہ میں ادا کی جائے گی۔ انجمن نے حکام پر زور دیا وہ عید نماز کی احسن طریقے ادائیگی میں کوئی رکاوٹ پید اکرنے سے گریز کریں ۔ کانگریس مقبوضہ جموںوکشمیر شاخ نے جموں میں ایک مارچ کیا اور مقبوضہ علاقے میں امن واماں کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے میں بی جے پی حکومت کی ناکامی پر بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا پتلا نذر آتش کیا۔