حکمران مسائل کے لیے اٹھنے والی آوازوں اور جاری پرامن جدوجہد کو غیرجمہوری طریقوں اور طاقت سے کچلنا چاہتے ہیں، قادر مگسی

اتوار 30 مارچ 2025 20:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2025ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)کے سربراہ اختر مینگل کے لانگ مارچ کے قافلے پر ہونے والے بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران مسائل کو درست اور حقیقی تناظر میں دیکھنے اور ان کا حل نکالنے کے بجائے ان مسائل کے لیے اٹھنے والی آوازوں اور جاری پرامن جدوجہد کو غیرجمہوری طریقوں اور طاقت سے کچلنا چاہتے ہیں، جس کی وجہ سے ملک انارکی اور خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے، ملک کے اندر خاص طور پر بلوچستان میں جمہوری اور عوام کی حقیقی نمائندگی کرنے والی قوتوں کو نظر انداز کر کے بلوچستان کی موجودہ صورت حال کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

ایک بیان میں ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سردار اختر مینگل بلوچستان میں جمہوری طریقے سے مسائل کو اجاگر کر کے سڑکوں پر احتجاج کرنے والے عوام، خاص طور پر خواتین کی گرفتاری، احتجاجوں پر فائرنگ، آنسو گیس اور لاٹھی چارج جیسے حکومتی جبر کے خلاف اور گرفتار کیے گئے ماہرنگ بلوچ سمیت دیگر قیدیوں کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ لانگ مارچ کر رہے تھے، اسے واقعے کے ذریعے، چاہے جس طرف سے بھی کیا گیا ہو، مسائل کو مزید الجھایا جا رہا ہے اور پہلے سے خراب حالات کو مزید خراب کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہم سمجھتے ہیں کہ حکمران طبقے کو اپنے اقدامات پر نظرثانی کرنی چاہیے اور جمہوری قوتوں کی آواز سننی چاہیے، ڈاکٹر قادر مگسی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں۔ انہوں نے سردار اختر مینگل کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے انہیں پورا کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔