اسلام آباد پولیس کے چاند رات پر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات

پیر 31 مارچ 2025 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2025ء) اسلام آباد پولیس نے چاند رات پرسیکیورٹی اور ٹریفک کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا ہے۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی رات گئے فیلڈ میں موجود رہے اور انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کرتے رہے۔اسلام آباد پولیس حکام نے پیر کو اے پی پی کو بتایا کہ آئی جی نے مختلف مقامات کا دورہ کیا، سیکیورٹی کی تعیناتی کا جائزہ لیا، ٹریفک کی روانی کی نگرانی کی اورمحفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پولیس حکام اور عوام سے تبادلہ خیال بھی کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کے تمام سینئر افسران بشمول ڈپٹی انسپکٹرز جنرل (ڈی آئی جیز)، اسسٹنٹ انسپکٹرز جنرل (اے آئی جیز) اور سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) نے تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دیئے،آئی جی سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس نے چاند رات پر سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مثالی اقدامات کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام شہریوں کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بناتے ہوئے ٹریفک کی روانی اور سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کرتے رہے،اسلام آباد پولیس نے ایک جامع اور موثر حکمت عملی پر عمل درآمد کرتے ہوئے مصروف ترین تجارتی مراکز پر خصوصی دستے، ڈولفن اسکواڈ، سمارٹ کار پٹرولنگ یونٹس اور اضافی نفری بھی تعینات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ون ویلنگ، لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور سائلنسر کے بغیر گاڑیاں چلانے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئیں۔

موثر ٹریفک مینجمنٹ کی وجہ سے تمام بڑی اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق رہی۔ عید الفطر کے تہوار کے موقع پر عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بازاروں اور اہم مقامات پر بھی خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔شہریوں نے سکیورٹی کے انتظامات پر اسلام آباد پولیس کو سراہا۔ پولیس حکام کی کاوشوں اعتراف میں سید علی ناصر رضوی نے قابل ستائش کارکردگی پر پوری پولیس فورس کو سراہا۔