آرگنائزڈکرائم یونٹ ڈیفنس اور بدنام زمانہ ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ

پنجاب میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا انتہائی خطرناک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محموظ رہے، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا

بدھ 2 اپریل 2025 13:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء) آرگنائزڈکرائم یونٹ ڈیفنس اور بدنام زمانہ ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، پنجاب میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا ڈکیتی، رابری، منشیات، نقب زنی اور چوری میں مطلوب انتہائی خطرناک ملزم اورنگزیب عرف حسن عرف کمانڈو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ۔ پولیس کے مطابق پولیس ٹیم ملزم برریمانڈجسمانی کو برائے برآمدگی مال مسروقہ و اسلحہ علاقہ تھانہ فیکٹری ایریا لے جارہی تھی کہ نامعلوم ملزمان نے اپنے زیر حراست ساتھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم اورنگزیب عرف حسن عرف کمانڈوشدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو کہ جنرل ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ہلاک ملزم لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈکیتی رابری ، چوری، نقب زنی اورمنشیات جیسی سنگین جرائم کی درجنوں وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ تھا ۔ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محموظ رہے۔جبکہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔